سید حامد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حق کسی کا ادا نہیں ہوتا (غزل)
حق کسی کا ادا نہیں ہوتا
ورنہ انساں سے کیا نہیں ہوتا
دل کا جانا تو بات بعد کی ہے
دل کا آنا برا نہیں ہوتا
کیا ہوا دل کو مدتیں گزریں
ذکر مہر و وفا نہیں ہوتا
حسن کے ہیں ہزارہا پہلو
ایک پہلو ادا نہیں ہوتا
خود پہ کیا کیا وہ ناز کرتے ہیں
جب کوئی دیکھتا نہیں ہوتا
دل بجھا ہو تو خندۂ گل بھی
چبھتا ہے جاں فزا نہیں ہوتا
ڈھونڈھ لاتی ہے ایک شوخ نگاہ
لب پہ جو مدعا نہیں ہوتا
خوں بہاتے ہیں بے گناہوں کا
یہ کوئی خوں بہا نہیں ہوتا
زندگی میں ہیں تلخیاں پھر بھی
آدمی بے مزا نہیں ہوتا
حق تو حامدؔ یہ ہے کہ حق کے سوا
کوئی مشکل کشا نہیں ہوتا
بات وہ بات نہیں ہے جو زباں تک پہنچے (غزل)
بات وہ بات نہیں ہے جو زباں تک پہنچے
آنکھ وہ آنکھ ہے جو سر نہاں تک پہنچے
قدر تعظیم کشش شوق محبت اظہار
روکئے دل کو نہ جانے یہ کہاں تک پہنچے
دل یہ ہر گام پہ کہتا ہے ٹھہر گھر ہے یہی
فرق سے تا بہ قدم آنکھ جہاں تک پہنچے
کس کو فرصت ہے سنے درد بھری ہے روداد
کون بے چارگیٔ خستہ دلاں تک پہنچے
جان لینا یہ اسی لمحہ کہ دل ٹوٹ گیا
بات جب ضبط سے بڑھ جائے فغاں تک پہنچے
مڑ کے دیکھا بھی نہیں دل کے لہو کی جانب
شعر کی داد یہ دی حسن بیاں تک پہنچے