پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید حبیب کی غزلیں — Syed Habeeb Ghazals

سید حبیب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہائے یہ کیسا ستم اے ستم ایجاد کیا (غزل)

ہائے یہ کیسا ستم اے ستم ایجاد کیا

دل تو گھر تھا ترا پھر کیوں اسے برباد کیا

کر لیا جذب ستاروں نے مرے اشکوں کو

میں نے جب رو کے شب ہجر انہیں یاد کیا

دیکھ وہ ہو گئے اب اور بھی برہم اے دل

تو نے کمبخت یہ کیوں وا لب فریاد کیا

تیرے انکار نے واللہ قیامت ڈھائی

قصر امید و تمنا مرا برباد کیا

ہچکیاں آنے لگیں نزع میں کیوں مجھ کو حبیبؔ

آخری وقت پہ یہ کس نے مجھے یاد کیا

جلوے بے ہوش نہ کر دیں ترے دیوانوں کو (غزل)

جلوے بے ہوش نہ کر دیں ترے دیوانوں کو

شمع کی لو نہ کہیں پھونک نہ دے پروانوں کو

کر نہ تلقین ادب بزم میں مستانوں کو

ہوش رہتا ہے کسے دیکھ کے پیمانوں کو

صبح کی پہلی کرن شب کا ہٹاتی ہے نقاب

زندگی از سر نو ملتی ہے ارمانوں کو

زیست بے رنگ تھی سادہ تھی کہانی دل کی

رنگ بخشا تری الفت نے ہی افسانوں کو

یہ تبسم یہ تکلم یہ ترنم یہ ادا

بے قرار اور بھی کرتے ہیں پریشانوں کو

چند کانٹے رہ دنیا سے ہٹائے ہیں ضرور

گلستاں گرچہ بنایا نہ بیابانوں کو

مدتوں کی وہ مری تشنہ لبی ہے کہ حبیبؔ

تکتی ہے دور سے خاموش جو پیمانوں کو

نظام زیست کسی تال کا نہیں پانی (نظم)

نظام زیست کسی تال کا نہیں پانی

جو سنگ بستہ سا ٹھہرا ہوا مقید ہے

ہر آنکھ دیکھ سکے جس کی اتنی بس حد ہے

کرے نہ کچھ بھی جو پیدا دلوں میں حیرانی

نظام زیست ہے لیکن وہ بے کراں پانی

پہاڑیوں سے جو نکلا ہو بن کے مستانہ

کسی کی آرزوئے وصل کا ہو دیوانہ

یہاں سے دور بہت دور کوہساروں میں

دراز راہوں میں دشوار رہ گزاروں میں

وہیں جہاں یہ سلیں برف کی پگھلتی ہیں

جہاں ابلتے ہیں چشمے ہوائیں چلتی ہیں

وہیں سے تو یہ ندی نالے بہتے آتے ہیں

جو پتھروں کو چٹانوں کو چیر جاتے ہیں

چٹانیں کاٹ کے جاتے ہیں یہ جدھر جائیں

نکل کے کوہ سے میداں سے یہ گزر جائیں

یہ ہم کنار ہوئے اور بڑھ گیا پانی

ہر ایک سمت کو پھر کھیلتا چلا پانی

یہ جنگلوں میں گزرتا تو گھاٹیوں میں کبھی

یہ پھیلتا کبھی میداں میں وادیوں میں کبھی

ہوئی ہے جس سے بشر کی نظر کو حیرانی

نظام زیست ہے گویا وہ بے کراں پانی

مزید غزلیں از سید حبیب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں