پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید غلام محمد مست کلکتوی کی غزلیں — Syed Gulam Mohammad Mast Kalkattvi Ghazals

سید غلام محمد مست کلکتوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کی آنکھوں نے سر بزم ٹھہرنے نہ دیا (غزل)

اس کی آنکھوں نے سر بزم ٹھہرنے نہ دیا

صبر مظلوم کو ظالم کی نظر نے نہ دیا

آنکھ بھر کر انہیں ہم دیکھ ہی لیتے دم بھر

اتنا موقع ہی کبھی دیدۂ تر نے نہ دیا

شکوۂ وعدہ خلافی پہ وہ جھلائے مگر

مسکراہٹ کے تصدق کہ مکرنے نہ دیا

جب وہ آئے سر محفل تو سنورنے آئے

ان کو شوخی نے کبھی گھر میں سنورنے نہ دیا

اپنی برباد جوانی کی ہے روداد اتنی

غم نے ہنسنے نہ دیا عشق نے مرنے نہ دیا

مستؔ کیا اوس کی محبت میں ترا دل ٹھہرا

اپنی نظروں کو کبھی جس نے ٹھہرنے نہ دیا