پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید غیاث الدین سلیم کی غزلیں — Syed Ghayasuddin Saleem Ghazals

سید غیاث الدین سلیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسا ہے کہاں کوئی حاصل ہے سکوں جس کو (غزل)

ایسا ہے کہاں کوئی حاصل ہے سکوں جس کو

لیکن وہ جسے تیرا دیدار میسر ہے

سب کی ہے نظر ان پر مرعوب ہیں سب ان سے

امید ہے اللہ سے اللہ کا جنہیں ڈر ہے

کیا خوف جہنم کا فردوس کی لالچ کیا

کیا اہل محبت کا انداز ہے تیور ہے

ہونٹوں پہ خموشی ہے نظریں ہیں جھکی پھر بھی

اظہار تمنا کا الزام مرے سر ہے

ہے پاس رضا مجھ کو پھر عرض کروں کیوں کر

معلوم سلیمؔ اس کو حال دل مضطر ہے

شوق کی کیا ہے ادا دیکھ لے پروانے میں (غزل)

شوق کی کیا ہے ادا دیکھ لے پروانے میں

جس کو تاخیر گوارا نہیں مٹ جانے میں

رخ پہ وحشت نمی آنکھوں میں لبوں پر آہیں

کس کے غم سے مچی ہلچل ہے یہ دیوانے میں

وہ نظر آئیں تو پھر کون کسی کو دیکھے

امتحاں تو ہے وفا کا نہ نظر آنے میں

وجہ تسکیں ہے اگر کچھ تو ہے خوشنودی تیری

کیا کشش اہل محبت کو جزا پانے میں

ان کے قرباں کہ ہمیں راہ دکھا دی گھر کی

کیا ہلاکت کے سوا اور تھا ویرانے میں

قلب و جاں فکر دوعالم سے رہائی پا لیں

بھر دے ساقی مئے وحدت مرے پیمانے میں

ساتھ ایمان کے پا جائیں سلیمؔ اس سے نجات

مطمئن کون ہے دنیا کے بلا خانے میں

مزید غزلیں از سید غیاث الدین سلیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں