پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید غافر رضوی فلک چھولسی کی غزلیں — Syed Ghafir Rizvi Falak Chhaulsi Ghazals

سید غافر رضوی فلک چھولسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درد دل کی دوا کرے کوئی (غزل)

درد دل کی دوا کرے کوئی

میرے حق میں دعا کرے کوئی

سرخ رو اس طرح بھی ہوتے ہیں

خون دل کو حنا کرے کوئی

صبر یہ ہے کہ اف نہ ہو لب پر

لاکھ جور و جفا کرے کوئی

مجمع عام میں اکیلا ہوں

درد میرا سنا کرے کوئی

روز روشن بنے شب ہجراں

چاک بند قبا کرے کوئی

جو ہے شیطاں رہے گا شیطاں ہی

قدسیوں میں رہا کرے کوئی

عظمتوں کا فلکؔ مقدر ہو

صدق دل سے جھکا کرے کوئی

مسلک عشق میں جائز ہے جفا رہنے دے (غزل)

مسلک عشق میں جائز ہے جفا رہنے دے

مجھ کو محبوب کی چوکھٹ پہ پڑا رہنے دے

عالم نزع میں سایہ ہو گھنی زلفوں کا

اپنے چہرہ پہ نگاہوں کو جما رہنے دے

ہم نے کانٹوں سے نکالا ہے ادب کو ظالم

حلقۂ ذوق کو پھولوں سے سجا رہنے دے

تیری نظروں سے چلا تیر لگا ہے دل پر

اس بہانے ہی سہی پھول کھلا رہنے دے

نام لینا بھی ہے دوبھر یہ وفا کیسی ہے

شاق ہے دل پہ بہت ایسی سزا رہنے دے

میرے زخموں کا مداوا ہے دعائیں تیری

کم سے کم نام ہی ہونٹوں پہ سجا رہنے دے

تیری مسکان میں پنہاں ہے ہماری ہستی

اپنے ہونٹوں پہ تبسم کو ذرا رہنے دے

عکس آنکھوں میں بسانے کی اجازت دے دے

اپنی یادوں کا دیا دل میں جلا رہنے دے

دوش مکار اٹھائے جو جنازہ میرا

اس سے بہتر ہے کہ مقتل میں پڑا رہنے دے

مشرب دید کا شیدائی فلکؔ کہتا ہے

جام الفت میں تمنا کو ملا رہنے دے