پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید فضل المتین کی غزلیں — Syed Fazlul Mateen Ghazals

سید فضل المتین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چھٹی کا دن ہے چاہئے جیسے گزاریئے (غزل)

چھٹی کا دن ہے چاہئے جیسے گزاریئے

مرغا لڑائیے کہ کبوتر اڑائیے

سڑکوں پہ گھومنے سے طبیعت ہو جب اچاٹ

ہوٹل میں بیٹھ جائیے قصے سنائیے

کھا کھا کے پان پھونکئے سگریٹ نو بہ نو

پیشہ وران شہر سے پینگیں بڑھائیے

افسر کو دیجے گھر پہ بلا دعوت نگاہ

دفتر میں جا کے رعب پھر اپنا جمائیے

رشوت کے دم قدم سے سلامت ہے زندگی

دل کھول کر تمام ہی خوشیاں منائیے

جو بات کہنی ہے مجھ کو وہ کہنے والا ہوں (غزل)

جو بات کہنی ہے مجھ کو وہ کہنے والا ہوں

کسی کے خوف سے کب چپ میں رہنے والا ہوں

کہاں کہاں مجھے روکو گے بند باندھوگے

میں چڑھتا دریا ہوں ہر سمت بہنے والا ہوں

تمہارے چاہنے والوں سے میں بھی واقف ہوں

تمہارا درد میں تنہا ہی سہنے والا ہوں

مری بھی بات سنو میری شکل پہچانو

تمہارے شہر کا اک میں بھی رہنے والا ہوں

ہر ایک شخص ندامت سے سرنگوں ہوگا

بڑے سلیقے سے وہ بات کہنے والا ہوں

زمانہ کوئی سزا دے کہ کہہ دے دیوانہ

متینؔ میں کہاں خاموش رہنے والا ہوں

میں کب تک (نظم)

میں کب تک

یوں ہی خاندانی شجاعت شرافت کی تاریخ رکھتا رہوں گا

یوں ہی اپنے اسلاف کی شان و شوکت کی باتیں کروں گا

میں ماضی نہیں ہوں

میں اپنے میں موجود جیتا رہا ہوں

میں اپنے قدم کی سلگتی زمیں پر ہی چلتا رہا ہوں

زمانے کی بھٹی میں تپتا رہا ہوں

مرے وقت نے مجھ کو کندن بنایا

میں جو کچھ ہوں میں ہوں

ابھی کوئی گزرا ہوا پل نہیں ہوں

میں موجود ہوں حال سے میرا رشتہ رہے گا برابر

میں ہوں عہد حاضر

میں اپنے زمانے کی تاریخ ہوں خود

مرا ذکر ہی تذکرہ حال کا ہے

مجھے اپنی باتیں سنانی ہیں سب کو

سناؤں گا اب میں

سنا کر رہوں گا

مزید غزلیں از سید فضل المتین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں