پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید غضنفر علی غضنفر کی غزلیں — Syed Ghazanfar Ali Ghazanfar Ghazals

سید غضنفر علی غضنفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بیٹھے ہیں عید کو سب یار بغل میں لے کر (غزل)

بیٹھے ہیں عید کو سب یار بغل میں لے کر

بیٹھیں ہم کیا دل بیمار بغل میں لے کر

کشتۂ ناز فقط اس پہ ہیں نازاں جی میں

کہ نکلتا ہے وہ تلوار بغل میں لے کر

روئے ہم اس کی تمنائے ہم گوشی میں

دل مایوس کو ناچار بغل میں لے کر

بد گمانی سے ہمیں بیٹھتے اٹھتے ہے یہ سوچ

بیٹھے ہوں گے اسے اغیار بغل میں لے کر

مئے الفت کی ترنگ آئی تو آیا دوڑا

شیشۂ مے کو وہ مے خوار بغل میں لے کر

کو بہ کو خانہ نشینی کا ہو اس کی چرچا

بیٹھے جو تجھ سا طرحدار بغل میں لے کر

شب تنہائی میں سو رہتے ہیں مشتاق ترے

بہ تصور تجھے ہر بار بغل میں لے کر

سن کے ہم محو چمن اس کو غضنفرؔ آئے

دل پر داغ سے گل زار بغل میں لے کر

محیط حسن جو اب دم بدم چڑھاؤ پہ ہے (غزل)

محیط حسن جو اب دم بدم چڑھاؤ پہ ہے

چلا ہے گھر سے اکڑتا بڑے ہی تاؤ پہ ہے

مجھے بتا دے تو رہتا ہے کون سے گھر میں

کہ جس کے کوٹھے سے کوٹھا ترا لگاؤ پہ ہے

اٹھا کے آنکھ کسے دیکھنے کی تاب ہے آہ

نشست یار اگرچہ بڑے دکھاؤ پہ ہے

ہم اس کی بزم کی حسرت میں ہاتھ ملتے ہیں

یہ جوں جوں سنتے ہیں مجلس بڑے جماؤ پہ ہے

نہ پوچھو بحر محبت میں کچھ ہمارا حال

جو کچھ ہے آفت دریا سو اپنی ناؤ پہ ہے

غضنفرؔ اس سے تو کر لیجو عرض حال اپنا

ابھی نہ بول کہ غصہ میں ہے وہ تاؤ پہ ہے

مزید غزلیں از سید غضنفر علی غضنفر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں