پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید فخر الدین بلے کی غزلیں — Syed Fakhruddiin Balley Ghazals

سید فخر الدین بلے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خوشبو رہی چمن میں نہ وہ رنگ رہ گیا (غزل)

خوشبو رہی چمن میں نہ وہ رنگ رہ گیا

تربت پہ گل کی خار کا سرہنگ رہ گیا

میں بھی بدل گیا ہوں زمانے کے ساتھ ساتھ

آئینہ آج دیکھا تو خود دنگ رہ گیا

ہو لب پہ رام رام بغل میں رہے چھری

جینے کا اس جہاں میں یہی ڈھنگ رہ گیا

ہر سنگ بھاری ہوتا ہے اپنے مقام پر

انساں خلا میں پہنچا تو پاسنگ رہ گیا

گل ہائے رنگ رنگ روش در روش ملے

دامن ہی آرزو کا مری تنگ رہ گیا

خدا سے روز ازل کس نے اختلاف کیا (غزل)

خدا سے روز ازل کس نے اختلاف کیا

وہ آدمی تو نہ تھا جس نے انحراف کیا

میں کیا بتاؤں کہ قلب و نظر پہ کیا گزری

کرن نے قطرۂ شبنم میں جب شگاف کیا

وہی تو ہوں میں کہ جس کے وجود سے پہلے

خود اپنے رب سے فرشتوں نے اختلاف کیا

اسی کے رحم و کرم پر ہے عاقبت میری

نہ جس نے پہلی خطا کو مری معاف کیا

ازل سے عالم موجود تک سفر کر کے

خود اپنے جسم کے حجرے میں اعتکاف کیا

خدا گواہ کہ میں نے خود آگہی کے لئے

سمجھ کے خود کو حرم عمر بھر طواف کیا

رہیں گے قصر عقائد نہ فلسفوں کے محل

جو میں نے اپنی حقیقت کا انکشاف کیا

مزید غزلیں از سید فخر الدین بلے ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں