سید فاطر شہید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دھرتی کے خدا شعلۂ قندیل گرا دیں (غزل)
دھرتی کے خدا شعلۂ قندیل گرا دیں
ممکن ہو اگر پھونک سے سورج کو بجھا دیں
مقتل کو چلا پھر کسی شبیر کا اصغر
کہہ دو انہیں اس دور کے حرمل کو صدا دیں
یوسف کا گریباں ہو کہ مریم کی طہارت
تہمت سے یہ ہر سینۂ شبنم کو جلا دیں
گر چاہیں یہ مسجد ہو کلیسا ہو کہ مندر
پتھر کو زباں دیں کسی منبر پہ بٹھا دیں
فاطرؔ یہ زمانے کے خداؤں کا چلن ہے
نفرت کی جہاں چاہیں یہ دیوار اٹھا دیں
تیری خوشبو سے جو خوشبو سی اڑا کرتی ہے (غزل)
تیری خوشبو سے جو خوشبو سی اڑا کرتی ہے
ذکر صدیوں سے اسی بو کا صبا کرتی ہے
تیرے کوچے کی ہوا جب بھی ملا کرتی ہے
دل کی آوارہ مزاجی کا گلہ کرتی ہے
رقص کرتے ہیں ترے پہلو میں سب مسلک عشق
صبح قامت جو تری بھینٹ چڑھا کرتی ہے
تیرا سر سجدے میں ہے جب سے مرے سینے پر
بندگی میرے وسیلے سے دعا کرتی ہے
تیرے چہرے کی تلاوت ہے اجالوں کا علاج
چاندنی دھو کے ترے پاؤں پیا کرتی ہے
مسکراہٹ کو سکھاتی ہے سلیقے فاطرؔ
اک کلی جو ترے ہونٹوں پہ کھلا کرتی ہے