سید فاخر رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قدم قدم پہ نیا امتحان چھوڑا ہے (غزل)
قدم قدم پہ نیا امتحان چھوڑا ہے
کسی نے عین بھنور درمیان چھوڑا ہے
جبھی تو سب کو میں شک کی نظر سے دیکھتا ہوں
مجھے کسی نے بڑا بد گمان چھوڑا ہے
میں ذیلی رستہ نہیں تھا مگر مجھے اس نے
نہ جانے سوچ کے کیا بے نشان چھوڑا ہے
زمیں پہ بھیجنے والے مجھے بتا تو سہی
یہ میرے حصے میں کیا آسمان چھوڑا ہے
وہ جو گفتگو میں شریک تھے بھلا کیسے مجھ سے بگڑ گئے (غزل)
وہ جو گفتگو میں شریک تھے بھلا کیسے مجھ سے بگڑ گئے
مری عمر بھر کے مکالمے اسی ایک بات پہ اڑ گئے
وہ جو چاہتوں کے امین تھے وہ جو ہر کسی کا یقین تھے
وہ جو زندگی سے حسین تھے وہی لوگ ہم سے بچھڑ گئے
جنہیں آندھیوں نے کھڑا کیا جنہیں خود ہوا نے بڑا کیا
بڑی خامشی سے گذشتہ شب وہی پیڑ جڑ سے اکھڑ گئے
تری بے رخی کے خیال سے ترے ایک حرف سوال سے
مری خواہشوں کے وہ دائرے جنہیں پھیلنا تھا سکڑ گئے
ترے جسم سے ترے اسم سے تری اک نظر کے طلسم سے
کبھی دل میں وسوسے جاگ اٹھے کبھی خواب آنکھ میں جڑ گئے
نہ وہ تازگی مرے دل میں ہے نہ وہ روشنی ہے نگاہ میں
مجھے اس نے جب سے بھلا دیا مرے خال و خد ہی بگڑ گئے
گھروں میں رہیے (نظم)
گھروں میں رہیے
وبا بدن سے نکل کے آنکھوں تک آ گئی ہے
ہوا کے تیور بدل گئے ہیں
پرندے پیڑوں سے ڈر گئے ہیں
ہزاروں انسان مر گئے ہیں
نماز جمعہ کا سارا منظر بدل گیا ہے
طواف کعبہ بھی رک گیا ہے
اور ایسا لگتا ہے
یہ زمیں اب کے اپنی حجت تمام کرنے میں لگ گئی ہے
مرے عزیزو
اب ایسے موسم میں
اس وبا کا علاج وہ ہے
جو میرے آقا نے آج سے چودہ صدیوں پہلے بتا دیا تھا
کہ جو جہاں ہے وہیں پہ ٹھہرے
سو یاد رکھیے
قیام کیجے
کہ ایسا کرنے سے عین ممکن ہے
آپ لاکھوں ہزاروں جانیں بچا گئے ہوں