پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید بشیر حسین بشیر کی غزلیں — Syed Bashir Husain Bashir Ghazals

سید بشیر حسین بشیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن کی ہر ادا پہ مرتا ہوں (غزل)

حسن کی ہر ادا پہ مرتا ہوں

زندگی تیری قدر کرتا ہوں

کھو نہ جائیں مزے حضوری کے

سانس لیتے ہوئے بھی ڈرتا ہوں

عشق کی ہے یہ کون سی منزل

گاہ جیتا ہوں گاہ مرتا ہوں

کون عارف ہے عظمت غم کا

مٹ کے میں اور بھی نکھرتا ہوں

ہو کے پامال راہ الفت میں

کیا بگڑتا ہوں کیا سنورتا ہوں

بحر غم میں یہ فکر کس کو ہے

غرق ہوتا ہوں یا ابھرتا ہوں

غیر کو راز دار کیا کرتا

میں بشیرؔ آپ سے بھی ڈرتا ہوں

دل دکھا تھا مرا ایسا کہ دکھایا نہ گیا (غزل)

دل دکھا تھا مرا ایسا کہ دکھایا نہ گیا

درد اتنا تھا کہ خود ان سے بڑھایا نہ گیا

بے خود عشق سے پھر ہوش میں آیا نہ گیا

سر جو سجدہ میں جھکایا تو اٹھایا نہ گیا

راز اس پردہ نشیں کا کبھی پایا نہ گیا

محرم راز سے بھی راز بتایا نہ گیا

آفریں لذت نظارہ خوشا عالم کیف

دل کا آنا تھا کہ پھر ہوش میں آیا نہ گیا

لب پہ اپنے نہ کبھی حرف تمنا آیا

راز دل کا مگر آنکھوں سے چھپایا نہ گیا

عشق سے دل نے کسی طرح نہ فرصت پائی

یہ وہ شعلہ ہے کہ دہکا تو بجھایا نہ گیا

جلوہ یوں عام کیا اس نے کہ سب نے دیکھا

پردہ یوں اس نے گرایا کہ اٹھایا نہ گیا

مزید غزلیں از سید بشیر حسین بشیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں