سید اظہر سجاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آؤ اک بار رقص کرتے ہیں (غزل)
آؤ اک بار رقص کرتے ہیں
ہو کے بیزار رقص کرتے ہیں
تیری یادوں کی تک دھنا دھن پر
ہم کئی بار رقص کرتے ہیں
چھ دنوں کے تھکے ہوئے نوکر
پاکے اتوار رقص کرتے ہیں
زندگی ایک فلم ہے جس میں
سارے کردار رقص کرتے ہیں
دیکھ کر مفلسی غریبوں کی
اپنے سردار رقص کرتے ہیں
بیٹھے بیٹھے یہی خیال آیا
کر لیا پیار رقص کرتے ہیں
بیعت ظلم کے جواب میں ہم
کر کے انکار رقص کرتے ہیں
اپنے روضے پے دیکھ لے خواجہ
تیرے زوار رقص کرتے ہیں
کیا غزل کہہ دی آج اظہرؔ نے
سارے اشعار رقص کرتے ہیں
اختلافات میں بیمار نظر آتے ہیں (غزل)
اختلافات میں بیمار نظر آتے ہیں
مجھ کو یہ سارے ہی بیزار نظر آتے ہیں
جتنے جاہل ہیں نکمے ہیں اچکے ہیں یہاں
وہی حاکم کے طرف دار نظر آتے ہیں
حکم زردار یہ ہے ان کو نظر بند کرو
امن کے جو بھی طرف دار نظر آتے ہیں
آنسوؤں کی تو ان آنکھوں میں کچھ اوقات نہیں
گرچہ آتے ہیں تو بے کار نظر آتے ہیں
سارے رنگوں کے گلوں سے ہے چمن کی زینت
یہ چمن جو ابھی گلزار نظر آتے ہیں
اب جو لکھ دی ہے حقیقت تو ہم اظہرؔ سب کو
ہیں تو شاعر پر اداکار نظر آتے ہیں