سید عارف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لغزشوں سے ماورا تو بھی نہیں میں بھی نہیں (غزل)
لغزشوں سے ماورا تو بھی نہیں میں بھی نہیں
دونوں انساں ہیں خدا تو بھی نہیں میں بھی نہیں
تو مجھے اور میں تجھے الزام دیتا ہوں مگر
اپنے اندر جھانکتا تو بھی نہیں میں بھی نہیں
مصلحت نے کر دیا دونوں میں پیدا اختلاف
ورنہ فطرت کا برا تو بھی نہیں میں بھی نہیں
چاہتے دونوں بہت اک دوسرے کو ہیں مگر
یہ حقیقت مانتا تو بھی نہیں میں بھی نہیں
جرم کی نوعیتوں میں کچھ تفاوت ہو تو ہو
درحقیقت پارسا تو بھی نہیں میں بھی نہیں
رات بھی ویراں فصیل شہر بھی ٹوٹی ہوئی
اور ستم یہ جاگتا تو بھی نہیں میں بھی نہیں
جان عارفؔ تو بھی ضدی تھا انا مجھ میں بھی تھی
دونوں خود سر تھے جھکا تو بھی نہیں میں بھی نہیں
جو کچھ اپنے دل پر گزری کچھ نہ کہو تو بہتر ہے (غزل)
جو کچھ اپنے دل پر گزری کچھ نہ کہو تو بہتر ہے
ہنس ہنس کر ہی عارفؔ اس کی بات سنو تو بہتر ہے
سن لو دل کے سودے میں اب جھوٹ بھی کام نہ آئے گا
اوبڑ کھابڑ رستے پر اب ساتھ چلو تو بہتر ہے
موسم بدلا بجلی چمکی منظر سارا بھیگ گیا
اپنے اپنے گھر چلنے کی بات کرو تو بہتر ہے
شیش محل کا دھوکا دینا اب اتنا آسان نہیں
ٹوٹی پھوٹی کٹیا میں خاموش رہو تو بہتر ہے
آخر کب تک دور رہو گے اس کی میٹھی باتوں سے
ٹوٹے رشتے پھر سے جوڑو ایسا ہو تو بہتر ہے