پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید عارف علی عارف کی غزلیں — Syed Arif Ali Arif Ghazals

سید عارف علی عارف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آپ بلائیں ہم نہ آئیں ایسی کوئی بات نہیں (غزل)

آپ بلائیں ہم نہ آئیں ایسی کوئی بات نہیں

دنیا والوں سے ڈر جائیں ایسی کوئی بات نہیں

تیرے سوا ہیں اس دنیا میں اپنے بھی غم خوار بہت

سب کو دل کا راز سنائیں ایسی کوئی بات نہیں

راہ وفا میں ہم نے یارو ساری عمر گزاری ہے

چلتے چلتے ٹھوکر کھائیں ایسی کوئی بات نہیں

سارے رشتے سارے بندھن پیار کے اب تک قائم ہے

ان کو اپنے دل سے بھلائیں ایسی کوئی بات نہیں

میٹھی میٹھی باتیں کرنا ہم سے بھی تو آتی ہیں

لیکن آپ کا دل بہلائیں ایسی کوئی بات نہیں

تیری جدائی غم کا عالم یہ سب ہے تقدیر کی دین

رو رو کر ہم اشک بہائیں ایسی کوئی بات نہیں

غم کے مارے اس دنیا میں عارفؔ اب تک زندہ ہیں

غم سے تمہارے ہم گھبرائیں ایسی کوئی بات نہیں

اپنے گزرے ہوئے لمحات ذرا یاد کرو (غزل)

اپنے گزرے ہوئے لمحات ذرا یاد کرو

روز ہوتی تھی ملاقات ذرا یاد کرو

کیا سہانی تھی گھڑی کیسا سہانا موسم

چاند تاروں کی حسیں رات ذرا یاد کرو

تم اگر بھول گئے ہو تو کوئی بات نہیں

اس انگوٹھی کی وہ سوغات ذرا یاد کرو

چھت پہ آ جاتے تھے کپڑوں کا بہانا کر کے

کیا محبت کے تھے جذبات ذرا یاد کرو

میری مرضی میں ہوا کرتی تھی تیری مرضی

کتنے ملتے تھے خیالات ذرا یاد کرو

کس قدر میری محبت کے زمانہ تھا خلاف

بس اکیلی تھی مری ذات ذرا یاد کرو

غم کے بادل جو اٹھا کرتے تھے دل پر عارفؔ

اپنے اشکوں کی وہ برسات ذرا یاد کرو

مزید غزلیں از سید عارف علی عارف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں