سید انوار احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کل پہلی بار اس سے عنایت سی ہو گئی (غزل)
کل پہلی بار اس سے عنایت سی ہو گئی
کچھ اس طرح کہ مجھ کو شکایت سی ہو گئی
آیا ہے اب خیال تلافی تجھے کہ جب
اس دل کو تیرے ہجر کی عادت سی ہو گئی
پہلے پہل تو عام سی لڑکی لگی مجھے
پھر یوں ہوا کہ اس سے محبت سی ہو گئی
اتنے طویل عرصے سے ہم ساتھ ساتھ ہیں
اب ایک دوسرے کی ضرورت سی ہو گئی
اک بار اتفاق سے سچ میں نے کہہ دیا
پھر اس کے بعد جھوٹ سے نفرت سی ہو گئی
دل جب بھی چاہتا ہے تجھے سوچ لیتا ہوں
تیرے خیال پر مجھے قدرت سی ہو گئی
مٹی ترے مہکنے سے مجھ کو گمان ہے (غزل)
مٹی ترے مہکنے سے مجھ کو گمان ہے
بارش کی بوند بوند میں اک داستان ہے
یہ سوچتے ہو کیوں کہ خدا بس تمہیں ملا
دیکھو جہاں زمیں ہے وہاں آسمان ہے
لگتا ہے گھر وہی جہاں آپس میں پیار ہو
ورنہ تو لوگ رہتے ہیں اور اک مکان ہے
آنکھوں کی بات چیت میں پڑنا یہ سوچ کر
نظروں کے لین دین میں دل کا زیان ہے
حیرت ہے کیسے پھول سے خوشبو ہوئی جدا
موقع ملے تو سوچنا کیا درمیان ہے
شاید کہ اور بھی کہیں بستی ہے زندگی
لگتا ہے اور بھی کہیں ایسا جہان ہے
تم ہی کہو کہ وقت سے کیوں ہار مان لوں
جب روح میں امنگ ہے دل بھی جوان ہے
انوارؔ بزم ہے سجی ہو جائے شاعری
اردو سے ہم کو عشق ہے اپنی زبان ہے