پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید انصر کی غزلیں — Syed Anser Ghazals

سید انصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ بد قماش جو اہل عطا بنے ہوئے ہیں (غزل)

یہ بد قماش جو اہل عطا بنے ہوئے ہیں

بشر تو بن نہیں سکتے خدا بنے ہوئے ہیں

میں جانتا ہوں کچھ ایسے عظیم لوگوں کو

جو ظلم سہہ کے سراپا دعا بنے ہوئے ہیں

وہ مجھ سے ہاتھ چھڑا لے تو کچھ عجب بھی نہیں

اسے خبر ہے کہ حالات کیا بنے ہوئے ہیں

لڑھکتا جاؤں کہاں تک میں ساتھ ساتھ ان کے

مرے شریک سفر تو ہوا بنے ہوئے ہیں

تو خلوتوں میں انہیں دیکھ لے تو ڈر جائے

یہ جتنے لوگ یہاں پارسا بنے ہوئے ہیں

کبھی کبھار تو ایسا گماں گزرتا ہے

ہمارے ہاتھ کے ارض و سما بنے ہوئے ہیں

ہمیں سے ہو کے پہنچنا ہے تم کو منزل تک

گزر بھی جانا کہ ہم راستا بنے ہوئے ہیں

ہزاروں لوگ بچھڑتے رہے ہیں مل مل کر

سو زندگی میں بہت سے خلا بنے ہوئے ہیں

کسی سے مل کے بنے تھے جو زرد لمحوں میں

وہ سبز خواب مرا آسرا بنے ہوئے ہیں

اس تکلم کی ادا پر کوئی کیا بات کرے (غزل)

اس تکلم کی ادا پر کوئی کیا بات کرے

ہونٹ چپ ہوں تو ترا رنگ حنا بات کرے

دیکھ ہم خاک نشینوں سے زمانے کا سلوک

جیسے سوکھے ہوئے پتوں سے ہوا بات کرے

مجھ کو ہر فیصلہ منظور مگر آخری بار

وہ مرے سامنے آ کر تو ذرا بات کرے

ایک پتھرائی ہوئی بھیڑ سے ہوں محو کلام

جیسے خاموش مزاروں سے دیا بات کرے

سارے عالم سے جدا ہو ترا اعجاز سخن

جس سے تو بات کرے اس سے خدا بات کرے

مزید غزلیں از سید انصر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں