سید علی نظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یاد اس کی مجھے دلاتے ہو (غزل)
یاد اس کی مجھے دلاتے ہو
آگ باروت میں لگاتے ہو
دل جدائی کی آگ نے پھونکا
اشک پس تم بجھانے جاتے ہو
میرا بے یار جیونا معلوم
اے دم اب کیوں تم آتے جاتے ہو
ہاتھ کو گو چھٹا چلے کیا غم
دل سے جاؤ تو جانوں جاتے ہو
کر علیؔ پر نظر ترحم کی
اس پہ کیا خلق کو ہنساتے ہو
آتش عشق نے ایسا ہی جلایا مجھ کو (غزل)
آتش عشق نے ایسا ہی جلایا مجھ کو
کہ جہنم نے بھی منہ دیکھ چھپایا مجھ کو
بے خبر کر دیا کونین سے یارو پل میں
گردش چشم سے جب جام پلایا مجھ کو
میں کہا دل سے کہ کیا تجھ کو ہوا وہ بولا
ایک بازی میں ان آنکھوں نے ہرایا مجھ کو
چشم اس شوخ کی شوخی کا بیاں شوخی ہے
طرفۃ العین میں دل لے کے کھجایا مجھ کو
دل میں تھا شوق کا اظہار و بیاں سب کیجے
لیکن اس چشم لجیلی نے لجایا مجھ کو
ابر باراں کا بہت شور و شغب دیکھا تھا
ایں پہ اس اشک کے طوفاں نے بہایا مجھ کو
لخت دل بولا علیؔ چشم کی تقصیر روا
دار مژگاں پہ عبث تو نے چڑھایا مجھ کو