پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید علی محسن شہیدی کی غزلیں — Syed Ali Mohsin Shahidi Ghazals

سید علی محسن شہیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کشمکش میں ہے مری جان بڑی مشکل ہے (غزل)

کشمکش میں ہے مری جان بڑی مشکل ہے

دل میں ارمانوں کا طوفان بڑی مشکل ہے

ایک ٹوٹا ہوا دل یعنی شکستہ ساحل

اور اٹھتے ہوئے طوفان بڑی مشکل ہے

تم پہ مرتا ہوں مگر جان نہیں دے سکتا

کیونکہ ہو تم ہی مری جان بڑی مشکل ہے

روز آتے ہو تصور میں قیامت بن کر

اور کرتے ہو پریشان بڑی مشکل ہے

دل بڑی چیز ہے محسنؔ مجھے ہے ناز اس پر

وہ بھی اب ان پہ ہے قربان بڑی مشکل ہے

جو دل نواز ہو اپنا وہ دل ربا نہ ملا (غزل)

جو دل نواز ہو اپنا وہ دل ربا نہ ملا

ستم پسند ملا درد آشنا نہ ملا

غریب ڈوب گیا بحر غم کے طوفاں میں

وہ جس کو دب کے ابھرنے کا حوصلہ نہ ملا

جھکا سکے نہ مرے دل کو اہل دیر و حرم

خدا کے گھر میں خدا کی قسم خدا نہ ملا

وہ ایک تم ہو کہ ساحل ملا بغیر طلب

وہ ایک میں ہوں کہ تنکے کا آسرا نہ ملا

خدا کا شکر ہے محسنؔ کہ مل گئی منزل

بھلا ہوا کہ ہمیں کوئی رہنما نہ ملا

مزید غزلیں از سید علی محسن شہیدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں