پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید علی خرم کی غزلیں — Syed Ali Khurram Ghazals

سید علی خرم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ستارے وہ آسمان کہاں (غزل)

وہ ستارے وہ آسمان کہاں

مجھ کو چھوڑا ہے درمیان کہاں

ڈھونڈھتا پھر رہا ہوں مدت سے

مٹ گئے سب ترے نشان کہاں

کیسے تیرے بنا غزل ہوگی

زندگی تیری داستان کہاں

بس تری یاد رہ گئی دل میں

تیرے آنے کا اب گمان کہاں

عمر ساری گزار دی جس میں

اک قفس تھا مرا مکان کہاں

بعد مدت کے ہم ملے ہیں تجھے

رابطے اب وہ درمیان کہاں

یوں گناتے ہیں یہ ہنر میرے

جیسے منہ میں مرے زبان کہاں

وہی صحرا میں تشنگی ہے مگر

اب کہاں تیر وہ کمان کہاں

یاد وہ اب کہاں رہا خرمؔ

چھوڑ آیا ترا جہان کہاں

آنکھوں میں میل جول کا نقشہ سمٹ گیا (غزل)

آنکھوں میں میل جول کا نقشہ سمٹ گیا

دیکھا اسے تو برسوں کا رستہ سمٹ گیا

میرے قریب کوئی بھی اپنا نہیں رہا

وہ کیا گیا کہ ایک زمانہ سمٹ گیا

اس گھر کے موسموں کو پتا بھی نہ چل سکا

دیوار جب اٹھائی تو کیا کیا سمٹ گیا

الفاظ ڈھونڈتے ہی رہے طرز گفتگو

وہ حسن تھا کہ کوزے میں دریا سمٹ گیا

وہ دل نہیں رہے نہ رہی اب وہ دل لگی

ہر شخص اپنے آپ میں اتنا سمٹ گیا

اسباب بٹ گیا تھا بچھڑنے کے ساتھ ساتھ

کیسا بڑا مکان تھا کتنا سمٹ گیا

خرم علیؔ یہاں سے وہاں تک کا فاصلہ

بس دو قدم چلے تھے کہ رستہ سمٹ گیا

کبھی لکھنا (نظم)

کبھی لکھنا

ہمارے بعد جو گزری

کٹھن رستوں پہ کیسے زندگی کی شام ہوتی ہے

کسی کی یاد میں آتے ہوئے آنسو کو کیسے روک لیتے ہیں

کوئی آہٹ کوئی دستک اگر ابھرے

تو اک موہوم سی امید کیسے ٹوٹ جاتی ہے

تمہیں معلوم تو ہوگا

تمہارا چاہنے والا

کئی قرضوں میں جکڑا ہے

اسے اک عمر کے بدلے

کئی قرضے چکانے ہیں

وہ رستے جو تمہارے گھر کو آتے تھے

وہاں دیوار حائل ہے

مگر ہر شام کو پھر بھی

تمہاری آنکھ کا روشن ستارہ

آج بھی بیتے دنوں کی یاد کو

دل میں بسانے کے لئے دیکھو

انہیں رستوں پہ رہتا ہے

مگر سورج کے ڈھلتے ہی

ستارہ ٹوٹ جاتا ہے

تو کیا محسوس ہوتا ہے

اگر یہ تم سے ممکن ہو

ہمارے بعد شہر جاں کا وہ عالم

گلی کوچوں کا وہ منظر

وہ آنکھیں جو ہمارے نام سے روشن

ستاروں کی طرح سے جھلملاتی تھیں

وہ عارض جو ہمارے لمس سے مہکے

وہ گیسو جو ہمارے حال پہ اکثر

درختوں کی طرح سایہ سا کرتے تھے

وہ پیکر بھی جسے ہم پیار کرتے تھے

ہے کیا اب بھی ہماری یاد میں قائم

کبھی فرصت ملے تم کو

تو پھر لکھنا

مزید غزلیں از سید علی خرم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں