سید احمد سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہوا کے ساتھ چلنا بھی ضروری (غزل)
ہوا کے ساتھ چلنا بھی ضروری
ہوا کا رخ بدلنا بھی ضروری
مٹا دے گا حصار خود فریبی
ہمیں اس سے نکلنا بھی ضروری
رہ غم کو اگر رکھنا ہے روشن
مثال شمع جلنا بھی ضروری
بقدر ظرف ہر نشہ ہے بہتر
کہ گرتے کا سنبھلنا بھی ضروری
صلیب و دار حق گوئی کا رستہ
اسی رستے پہ چلنا بھی ضروری
روایت کا تقدس بھی نہ ٹوٹے
نئے سانچوں میں ڈھلنا بھی ضروری
جمی ہے برف جو مردہ دلی کی
سحرؔ اس کا پگھلنا بھی ضروری
دیا ہے درد جو تو نے تو پھر دوا بھی تو دے (غزل)
دیا ہے درد جو تو نے تو پھر دوا بھی تو دے
اب اس خرابے میں جینے کا حوصلہ بھی تو دے
ترے عقب میں چلے سارا قافلہ لیکن
تو رہنما ہے تو منزل کا کچھ پتا بھی تو دے
بجا کہ پکڑے تو جاتے ہیں روز ہی مجرم
گناہ گاروں کو قانون کچھ سزا بھی تو دے
بغیر سود کے دیتے نہیں ہیں بھیک بھی لوگ
یہ چاہتے ہیں کہ سائل کوئی دعا بھی تو دے
وہ جانتا ہے کہ بار گراں ہے رنج فراق
تو آ کے سینے سے پتھر مرے ہٹا بھی تو دے
دکھائی دیتا ہے جس میں ضمیر کا چہرہ
سحرؔ کے چارہ گروں کو وہ آئنہ بھی تو دے
شور بہتا ہوا اک دریا ہے (نظم)
شور بہتا ہوا اک دریا ہے
کیسی مستی میں بہے جاتا ہے
شور کانوں میں بسا لگتا ہے
کیا گرجتا ہوا سناٹا ہے
شور جنگل کی لپکتی ہوئی آگ
گھر کا گھر پل میں جلا دیتا ہے
شور خونخوار بلا ہے پل میں
ساری بستی کو نگل جاتا ہے
شور کی آنچ سے اللہ بچائے
سیسہ کانوں میں پگھل جاتا ہے
شور ہے جنگ و جدل کا کہرام
شور ہی امن کا بھی نعرہ ہے
شور ہی نغمۂ گل بانگ اذاں
شور مندر کا بھجن ہوتا ہے
شور احساس وجود ہستی
شور ہی زیست کا سرمایہ ہے
شور نابود تو ہستی نہ وجود
خامشی موت کا ہنگامہ ہے
شور ہی شور سحرؔ چار طرف
شور تھم جائے تو سناٹا ہے