پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید احمد چشتی دہلوی کی غزلیں — Syed Ahmad Chishti Dehlvi Ghazals

سید احمد چشتی دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اجاڑا نشیمن تو کیا شاخ گل پر نہ چھوڑی نشست اپنا مسکن نہ چھوڑا (غزل)

اجاڑا نشیمن تو کیا شاخ گل پر نہ چھوڑی نشست اپنا مسکن نہ چھوڑا

سہے لاکھ جور و ستم باغباں کے مگر پھر بھی بلبل نے گلشن نہ چھوڑا

یہ کی التجا میں نے کچھ اور ٹھہرو مرے ساتھ کچھ اور آرام لے لو

رکا جب نہ منت خوشامد پہ کوئی تو یوں میں نے روکا کہ دامن نہ چھوڑا

مرا دل مسلتے ہیں وہ چٹکیوں سے ڈراتے ہیں شکوؤں پہ وہ جھڑکیوں سے

تعجب ہے مجھ کو کہ آئی جوانی مگر کیا غضب ہے لڑکپن نہ چھوڑا

کیے اس لیے سینکڑوں ظلم مجھ پر وہ سمجھا تھا مر جائے گا اب تڑپ کر

یہ ارمان اس کے بھی دل سے نہ نکلا مری روح نے بھی مرا تن نہ چھوڑا

نکلتا اگر حلق سے پار ہو کر نکلتی تڑپ کر مری جان مضطر

نشانہ لگاتے ہوئے تیر افگن کوئی تیر کیوں سوئے گردن نہ چھوڑا

نشاں اس کا باقی نہیں اب چمن میں نہیں ذکر اس کا کہیں اب صحن میں

ادھر باغباں نے نہ بلبل کو چھوڑا ادھر بجلیوں نے نشیمن نہ چھوڑا

وہ فریاد پر مجھ سے فرما رہے ہیں یہ دھمکی غضب کی دیے جا رہے ہیں

ستاؤں گا اس سے سوا اور چشتیؔ اگر تو نے ہر دم کا شیون نہ چھوڑا

تھام لو اپنا کلیجہ کرتے ہیں فریاد ہم (غزل)

تھام لو اپنا کلیجہ کرتے ہیں فریاد ہم

سہہ چکے بس جور ہم اب سہہ چکے بیداد ہم

کیا غضب ہے وہ عدو کو یاد فرماتے ہیں روز

آٹھویں دسویں انہیں آتے نہیں ہیں یاد ہم

یاد آ جاتا ہے فوراً وہ تمہارا سرو قد

دیکھ پاتے ہیں کبھی جب باغ میں شمشاد ہم

رشک لیلیٰ آپ ہیں تو ہم جواب قیس ہیں

رشک شیریں آپ ہیں تو غیرت فرہاد ہم

کیا ضرورت دست نازک کو ترے تکلیف ہو

لا ہمیں دے پھیر لیں خود خنجر فولاد ہم

چار دن کی زندگی ہے چار دن کی ہے بہار

لے کر آئے ہیں ازل سے عمر بے بنیاد ہم

حوصلہ افزائی ہو جاتی ہے چشتیؔ بزم میں

پاتے ہیں احباب سے اپنے سخن کی داد ہم

مزید غزلیں از سید احمد چشتی دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں