پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید آغا علی مہر کی غزلیں — Syed Agha Ali Mehr Ghazals

سید آغا علی مہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رنگت اسے پسند ہے اے نسترن سفید (غزل)

رنگت اسے پسند ہے اے نسترن سفید

پہنے نہ کیوں وہ رشک چمن پیرہن سفید

بھاتا ہے اس کو شیر و شکر کا تلازمہ

رکھتا ہے اپنے دانت وہ شیریں دہن سفید

بیٹھے ہیں گرد سیمتنان سفید پوش

اس ماہتاب کی ہے تمام انجمن سفید

ہے بے حنا بھی پنجۂ نازک پر اک بہار

ہوتے ہیں بعض بعض گل نارون سفید

میں رنگ چشم وحشیٔ جاناں سے تنگ ہوں

آدھا ہرن سیاہ ہے آدھا ہرن سفید

رنگینئ لباس سے اہل فنا کو کیا

ہے ابتدائے‌ دہر سے رخت کفن سفید

نہیں دو قبۂ پستان شوخ و شنگ سینے پر (غزل)

نہیں دو قبۂ پستان شوخ و شنگ سینے پر

نظر آتے ہیں مینائے مئے گل رنگ سینے پر

نہیں رکھے ہیں تو نے ہر طرح کے پھول انگیا میں

جواہر یہ نظر آتے ہیں رنگا رنگ سینے پر

نہیں لوح مزار رفتگان شہر خاموشاں

غم فرقت کا رکھ کر سو رہے ہیں سنگ سینے پر

نمود جسم کا اس سیم تن کو ہے خیال اتنا

کہ خوش رہتا ہے خیاطوں سے کپڑے تنگ سینے پر

خدا کے فضل سے شوق لغت ہے مہرؔ کو اتنا

دھرے رہتے ہیں پہروں نسخہ‌ٔ فرسنگ سینے پر

مزید غزلیں از سید آغا علی مہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں