سید عدیل گیلانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نخل ہستی پہ جو اشکوں کا ثمر لگتا ہے (غزل)
نخل ہستی پہ جو اشکوں کا ثمر لگتا ہے
موسم ہجر کی تلخی کا اثر لگتا ہے
دل کو تسکین ملی جب سے ملا ہوں اس سے
یار وہ شخص مجھے اہل نظر لگتا ہے
عمر کھا جاتی ہے منزل کی مسافت ہمدم
زندگی مجھ کو کٹھن تیرا سفر لگتا ہے
ایک سنسان محلہ ہے مرا سینہ اور
اس محلے میں یہ دل قیس کا گھر لگتا ہے
جھک کے چلتا ہوں تو کمزور نہ سمجھو مجھ کو
شاخ جھکتی ہے وہی جس پہ ثمر لگتا ہے
خود میں جھانکا تو کھلا مجھ پہ کہ دنیا میں کیوں
ایک انسان کو انسان سے ڈر لگتا ہے
حسن نظروں میں نہیں تیری وگرنہ دیکھے
میرا محبوب مجھے رشک قمر لگتا ہے
میرے شعروں پہ سبھی واہ کیے جاتے ہیں
کون سمجھے گا مرا خون جگر لگتا ہے
جنگ جیتو گے عدیلؔ اس سے وفا کی کیسے
جس کا ہر عیب زمانے کو ہنر لگتا ہے
اس طرح مجھ پہ مری زیست کے اسباب کھلے (غزل)
اس طرح مجھ پہ مری زیست کے اسباب کھلے
خواب جب مر گئے تعبیر کے ابواب کھلے
شکریہ ساعت دشوار توسط سے ترے
دیر سے ہی سہی مجھ پر مرے احباب کھلے
بعد مدت کے اسے دیکھا تو یوں چین ملا
ڈوبتی سانس کوئی جیسے سر آب کھلے
اے مرے یوسف بے مہر مری آنکھوں پر
دو گھڑی ہی سہی تیرا رخ مہتاب کھلے
کیسے حالات میں وہ شخص ملا ہے مجھ کو
کون سی عمر میں آ کر یہ مرے خواب کھلے
دشت دنیا میں مجھے دشنۂ افلاس عدیلؔ
اس گھڑی آن لگا جب پر سرخاب کھلے