پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید عبدالستار مفتی کی غزلیں — Syed Abdus Sattar Mufti Ghazals

سید عبدالستار مفتی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ناامیدی نے لہو دل کا بہا رکھا ہے (غزل)

ناامیدی نے لہو دل کا بہا رکھا ہے

اب مرے دامن احساس میں کیا رکھا ہے

راہ پر نور کے بھٹکے ہوئے کچھ تاروں نے

سارے ماحول کو تاریک بنا رکھا ہے

میرے نزدیک قیامت کے سوا کچھ بھی نہیں

تو نے جو زیست کا مفہوم بتا رکھا ہے

تیری معصوم امنگوں کو بڑی مدت سے

میری آنکھوں نے گنہ گار بنا رکھا ہے

تیری رحمت کے سہاروں نے خداوند کریم

غرق ہونے سے سفینے کو بچا رکھا ہے

پھر بھی اک جشن طرب دل میں رچا لیتا ہوں

گو مجھے گردش دوراں نے ستا رکھا ہے

میری غربت نے مرے فن کا اڑایا ہے مذاق

تیری دولت نے ترا عیب چھپا رکھا ہے

میں نے دیکھا ہے اسی بات کے پردے میں سکوت

تو نے جس بات پہ کہرام مچا رکھا ہے

کیسے پھر ہو نہ نگاہوں میں مروت کی جھلک

دل جو اخلاص کی کرنوں سے سجا رکھا ہے

اپنی تقدیس پہ یوں شیخ حرم مت اترا

میں نے بھی پرچم توحید اٹھا رکھا ہے

تنہا تھے ہم نہ دور نہ کوئی قریب تھا (غزل)

تنہا تھے ہم نہ دور نہ کوئی قریب تھا

کشتی کے ڈوبنے کا بھی منظر عجیب تھا

سوچا تھا جیت لوں گا محبت کی قربتیں

لیکن کہاں میں اتنا بڑا خوش نصیب تھا

آیا تری گلی میں تو جنت میں آ گیا

نکلا تو یوں لگا کہ جہنم نصیب تھا

یہ صرف تیرے سوز محبت کا تھا اثر

شاعر نہیں تھا کوئی نہ کوئی ادیب تھا

یاروں پہ کیا لگائیں خیانت کی تہمتیں

بزم وفا میں دل ہی ہمارا رقیب تھا

یا میں جواب دینے کی جرأت نہ کر سکا

یا آپ کا سوال عجیب و غریب تھا

دنیا نے ہی کیا ہمیں نفرت سے آشنا

ورنہ عدو بھی اپنی نظر میں حبیب تھا

ساحل کی آرزو بھی نظر میں نہ آ سکی

ٹوٹی ہوئی تھی کشتی سمندر مہیب تھا

ملنا بڑا محال تھا اس شوخ سے مرا

جتنا تھا وہ رئیس میں اتنا غریب تھا

ہر گام پر تھیں بھول بھلیاں کھلی ہوئیں

نقشہ تمہارے شہر کا کتنا عجیب تھا

مزید غزلیں از سید عبدالستار مفتی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں