سید عباس رضا تنویر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نت نئے رنگ کے نغمات سے جی ڈرتا ہے (غزل)
نت نئے رنگ کے نغمات سے جی ڈرتا ہے
اب تو اس شہر خرابات سے جی ڈرتا ہے
نیند کا لطف نہ بیداریٔ شب کی لذت
ذہن میں جاگتے خدشات سے جی ڈرتا ہے
شب کی پیشانی پہ لکھی ہوئی تحریر کبھی
دیکھ لیتے ہیں تو ہر بات سے جی ڈرتا ہے
خامشی محو تماشائے خرد ہے لیکن
اس میں پوشیدہ سوالات سے جی ڈرتا ہے
جن پہ معمور کیے جانے لگے آدم خور
ایسے خوں ریز مقامات سے جی ڈرتا ہے
جن سے تشکیل ہوئی ظلمت نو کی تنویر
ان سیہ کاریٔ حالات سے جی ڈرتا ہے
تمہارے ہجر میں خواب و خیال بھٹکے ہیں (غزل)
تمہارے ہجر میں خواب و خیال بھٹکے ہیں
کہاں کہاں مرے دست سوال بھٹکے ہیں
پھرے ہیں گرد ترے گردش جہاں کی طرح
مثال روز و شب و ماہ و سال بھٹکے ہیں
عجب ہے کوچۂ جاناں کہ آخر شب میں
بڑے غیور بڑے با کمال بھٹکے ہیں
چمن کی سیر کو جانے کا فائدہ کیا ہے
گلوں میں آپ ہی کے خد و خال بھٹکے ہیں
یہاں تو روز ہی منظر ہے روز محشر کا
چہار سمت نشان زوال بھٹکے ہیں
نہ پوچھے حال کوئی دشت شوق میں تنویرؔ
گریباں چاک کیے خستہ حال بھٹکے ہیں
ماں نے بچے کو یہ سمجھایا بہت دیر تلک (نظم)
ماں نے بچے کو یہ سمجھایا بہت دیر تلک
اے نئے سال ترے جشن طرب کا مطلب
سال نو
یعنی کہ خوشیوں کا ہے اک سیل رواں
اب نہ افلاس کے آنسو ہوں گے
اور ہوں گے نہ کسی شہر میں
دہشت کے نشاں
رخ معصوم پہ حیرت کی لکیریں ابھریں
اور پھر ڈوب گئیں
ماں نے شاید ابھی اخبار نہیں دیکھا ہے