سید آصف دسنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی کے اس سفر میں حادثہ کچھ بھی نہیں (غزل)
زندگی کے اس سفر میں حادثہ کچھ بھی نہیں
ٹوٹ کر بکھرے تھے کتنے پر ہوا کچھ بھی نہیں
ہو گیا نم خود بخود ہی سادہ لمحوں کا ورق
تجھ کو لکھنا تھا بہت کچھ پر لکھا کچھ بھی نہیں
کون مجھ میں جھیلتا ہے خامشی سے کرب جاں
کوئی اندر ٹوٹتا ہے پر صدا کچھ بھی نہیں
کس قدر تھا برق پا یہ اڑتے لمحوں کا سفر
منزلوں کی گرد تھی اس کے سوا کچھ بھی نہیں
دیکھتے تھے اپنا چہرہ عکس اندر عکس ہم
ہر پس منظر میں آصفؔ کیا ملا کچھ بھی نہیں
عجب تضاد ہے سچائیوں سے آگے بھی (غزل)
عجب تضاد ہے سچائیوں سے آگے بھی
مرا وجود ہے پرچھائیوں سے آگے بھی
کسی کا حسن فریب نشاط دیتا ہے
نگار وقت کی انگڑائیوں سے آگے بھی
چلا ہے تلخ حقائق کا کارواں جیسے
مرے یقین کی بینائیوں سے آگے بھی
جہاں وجود بھی خود کو سمیٹ لیتا ہے
وہ اک مقام ہے تنہائیوں سے آگے بھی
نہ جانے کیوں مجھے احساس یہ ستاتا ہے
کہ کوئی اور ہے پرچھائیوں سے آگے بھی
کوئی سفر میں ہے آصفؔ مرے علاوہ بھی
مرے وجود کی سچائیوں سے آگے بھی