پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید آل رضا کی غزلیں — Syed Aal Raza Ghazals

سید آل رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

انجان بن کے غم سے نبھے کیا خوشی کے ساتھ (غزل)

انجان بن کے غم سے نبھے کیا خوشی کے ساتھ

کب تک کوئی مذاق کرے زندگی کے ساتھ

یہ تو مزاج حسن سمجھنے کی بات ہے

اکثر عنایتیں بھی ہوئیں برہمی کے ساتھ

ہوتا نہیں ہے ختم محبت کا تبصرہ

تم نے تو ایک بات کہی بے رخی کے ساتھ

یوں تو بہت ہے منزل انسانیت بلند

انسان آدمی ہی رہے آدمی کے ساتھ

جو دے چلا ہے تجھ کو خود اپنی لطافتیں

لے چل مرے خیال مجھے بھی اسی کے ساتھ

اس امتزاج حسن کے قربان جائیے

بے انتہا غرور بڑی سادگی کے ساتھ

اب میں ہوں اور اپنی مروت کا انتقام

رخصت کیا تھا ان کو بظاہر خوشی کے ساتھ

سورج کے ساتھ دھوپ ہے بدلی کے ساتھ چھاؤں

چاہت کا رکھ رکھاؤ رضاؔ جیتے جی کے ساتھ

بے دکھے کس کام کا ہے دل محبت کے لیے (غزل)

بے دکھے کس کام کا ہے دل محبت کے لیے

تم سلامت میرے دل کی اس رفاقت کے لیے

یاد آتا ہی چلا جاتا ہے وہ عالم جسے

بھولنا ہے بھول جانے کی ضرورت کے لیے

ذمہ داری کے فریضے کب ہوئے ہم سے ادا

قرض ہیں جتنے مزے ہم نے محبت کے لیے

میری خاموشی ادب آموز ہے اے درد دل

میں نہیں تیار کہنے کی جسارت کے لیے

اے وقار عشق کیا شے ہے مرا حال تباہ

آدمی تو جان دے دیتا ہے عزت کے لیے

ان کے مفروضہ کرم کا شکر ادا کرنے کے بعد

اب زباں کھلتی نہیں شکوہ شکایت کے لیے

بڑھ رہا ہے یوں خطا کاری کا پیہم سلسلہ

اور مہلت چاہیے احساس غیرت کے لیے

اب مجھے کچھ اور جینے کی ضرورت ہی نہیں

زندگی مانگی تھی مر جانے کی ہمت کے لیے

قافلہ یادوں کا جس کے قافلہ سالار تم

آ کے اترا ہے مرے دل کی زیارت کے لیے

مزید غزلیں از سید آل رضا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں