پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید عابد علی عابد کی غزلیں — Syed Aabid Ali Aabid Ghazals

سید عابد علی عابد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چاند ستاروں سے کیا پوچھوں کب دن میرے پھرتے ہیں (غزل)

چاند ستاروں سے کیا پوچھوں کب دن میرے پھرتے ہیں

وہ تو بچارے خود ہیں بھکاری ڈیرے ڈیرے پھرتے ہیں

جن گلیوں میں ہم نے سکھ کی سیج پہ راتیں کاٹی تھیں

ان گلیوں میں بیاکل ہو کر سانجھ سویرے پھرتے ہیں

روپ سروپ کی جوت جگانا اس نگری میں جوکھم ہے

چاروں کھونٹ بگولے بن کر گھور اندھیرے پھرتے ہیں

جن کے شیام برن سائے میں میرا من سستایا تھا

اب تک آنکھوں کے آگے وہ بال گھنیرے پھرتے ہیں

کوئی ہمیں بھی یہ سمجھا دو ان پر دل کیوں ریجھ گیا

دیکھی چتون بانکی چھب والے بہتیرے پھرتے ہیں

اک دن اس نے نین ملا کے شرما کے مکھ موڑا تھا

تب سے سندر سندر سپنے من کو گھیرے پھرتے ہیں

اس نگری کے باغ اور من کی یارو لیلیٰ نیاری ہے

پنچھی اپنے سر پہ اٹھا کر اپنے بسیرے پھرتے ہیں

لوگ تو دامن سی لیتے ہیں جیسے ہو جی لیتے ہیں

عابدؔ ہم دیوانے ہیں جو بال بکھیرے پھرتے ہیں

یہ کیا طلسم ہے دنیا پہ بار گزری ہے (غزل)

یہ کیا طلسم ہے دنیا پہ بار گزری ہے

وہ زندگی جو سر رہ گزار گزری ہے

گلوں کی گم شدگی سے سراغ ملتا ہے

کہیں چمن سے نسیم بہار گزری ہے

کہیں سحر کا اجالا ہوا ہے ہم نفسو

کہ موج برق سر شاخسار گزری ہے

رہا ہے یہ سر شوریدہ مثل شعلہ بلند

اگرچہ مجھ پہ قیامت ہزار گزری ہے

یہ حادثہ بھی ہوا ہے کہ عشق یار کی یاد

دیار قلب سے بیگانہ وار گزری ہے

انہیں کو عرض وفا کا تھا اشتیاق بہت

انہیں کو عرض وفا نا گوار گزری ہے

حریم شوق مہکتا ہے آج تک عابدؔ

یہاں سے نکہت گیسوئے یار گزری ہے

ضو فشاں ہے فلک پہ ماہ مبیں (نظم)

ضو فشاں ہے فلک پہ ماہ مبیں

چاندنی سے چمک اٹھی ہے زمیں

ہو گئی ہے ہر ایک شے سیمیں

تابش نور کا جواب نہیں

خاک پر سربسر ہے بارش نور

تا بہ حد نظر ہے بارش نور

غرق ہیں نور میں جو دشت و دمن

پھول مثل چراغ ہیں روشن

صحن فردوس ہے زمین چمن

گل فشاں ہے نگاہ کا دامن

لہلہاتے ہیں سبز پوش درخت

ہو گئے ہیں شراب نوش درخت

مزید غزلیں از سید عابد علی عابد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں