پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سریش چندر شوق کی غزلیں — Suresh Chandra Shauq Ghazals

سریش چندر شوق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے شک بہت کٹھن ہے یارو یہ ٹیڑھی میڑھی پگڈنڈی (غزل)

بے شک بہت کٹھن ہے یارو یہ ٹیڑھی میڑھی پگڈنڈی

لیکن زیست کی منزل تک جاتی ہے دل کی ہی پگڈنڈی

من کا رمتا جوگی جانے کس کی کھوج میں گھوم رہا ہے

بستی بستی صحرا صحرا در در پگڈنڈی پگڈنڈی

پہلے ہی تم سوچ سمجھ لو پیار کی منزل بہت کٹھن ہے

راہ میں کوئی پیڑ نہ سایہ کوسوں دھول بھری پگڈنڈی

بیٹھ چکے سائے میں تھک کے تیرے ڈھونڈنے والے کب کے

کیسی منزل کیسے رہرو کیسا سفر کیسی پگڈنڈی

یہ مٹیاریں چھیل چھبیلی یہ گبرو بانکے البیلے

جاتی ہے کس روپ نگر کو یہ ٹیڑھی میڑھی پگڈنڈی

پیار میں ملنا کھیل نہیں ہے میرا تیرا میل نہیں ہے

تو اک روشن کاہکشاں سی میں اک دھندلی سی پگڈنڈی

اس تنہا مسکن تک جانا ایسا بھی کیا مشکل ہوگا

آخر وہاں بھی جاتی ہوگی کوئی سڑک کوئی پگڈنڈی

شوقؔ کئی برسوں بعد اب کے میں جب اپنے گاؤں گیا تو

پہروں مجھ سے رہی مخاطب ایک پرانی سی پگڈنڈی

مزید غزلیں از سریش چندر شوق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں