سریندر بھاٹیہ سلل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ جب اپنی کتاب لکھے گا (غزل)
وہ جب اپنی کتاب لکھے گا
مجھ کو شاید گلاب لکھے گا
تھوڑے سے اپنے خواب لکھے گا
پھر مجھے خواب خواب لکھے گا
یادیں میری وہ جمع کرتا ہے
پھر کوئی انتخاب لکھے گا
راستے میں جو شام ہوگی تو
وہ نیا آفتاب لکھے گا
کیا کہا بھول جائے گا مجھ کو
دیکھ لینا جناب لکھے گا
میری آنکھوں کو یاد کرتا ہے
ظاہراً وہ شراب لکھے گا
ہے سلیلؔ میرا منتظر اب بھی
وہ مجھے بے حساب لکھے گا
پتہ جب تک نہیں پکا ہمارا (غزل)
پتہ جب تک نہیں پکا ہمارا
وہی منزل وہی رستہ ہمارا
ہماری جستجو اتنی تھی اس کو
نہیں پہچانتا چہرہ ہمارا
تھی جس سے آس وہ منہ پھیر بیٹھا
نکل پایا نہیں پرچہ ہمارا
کہانی سن کے سب اٹھ ہی رہے تھے
کسی نے پڑھ لیا چہرہ ہمارا
ابھی بچپن کے کچھ سپنے ہیں باقی
ابھی بھاری ہے یہ بستہ ہمارا
ہمیں حالات نے ایسے نچوڑا
لہو سے بن گیا خاکہ ہمارا
نظر انداز کرنا ہی پڑا پھر
کوئی عاشق تھا بیچارہ ہمارا
سمجھتی تھی جو لڑکی ہم کو پاگل
وہی تکتی ہے اب رستہ ہمارا
تمہیں نے ہم کو سودائی بنایا
محبت تھا نہیں پیشہ ہمارا
سلیلؔ اک عمر گزری اب تو شاید
نہیں کرتا ہو وہ چرچا ہمارا