پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سریندر شجر کی غزلیں — Surender Shajar Ghazals

سریندر شجر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اشک آنکھوں میں چھپا لیتا ہوں میں (غزل)

اشک آنکھوں میں چھپا لیتا ہوں میں

غم چھپانے کے لیے ہنستا ہوں میں

شرم آتی تھی کبھی تجھ سے مجھے

زندگی اب خود سے شرمندہ ہوں میں

مدتوں سے آئینہ دیکھا نہیں

کوئی بتلائے مجھے کیسا ہوں میں

غم خوشی وحشت پریشانی سکوں

سیکڑوں چہروں کا اک چہرہ ہوں میں

ہے مجھی میں ہم نفس میرا کوئی

سانس وہ لیتا ہے اور زندہ ہوں میں

اتنے کھائے ہیں سرابوں سے فریب

سامنے دریا ہے اور پیاسا ہوں میں

یاد آیا ہے مجھے اک ہم سفر

جب کبھی اس راہ سے گزرا ہوں میں

چار جانب ایک سناٹا سکوت

غالباً بستی میں اب تنہا ہوں میں

مجھ کو چھونے کا نہ کر ارماں شجرؔ

تو مجھے محسوس کر کیسا ہوں میں

میں نہیں کہتا ہر اک چیز پرانی لے جا (غزل)

میں نہیں کہتا ہر اک چیز پرانی لے جا

مجھ کو جینے نہیں دیتی جو نشانی لے جا

ایک بن باس تو جینا ہے تجھے بھی اے دوست

اپنے ہم راہ کوئی رام کہانی لے جا

جن سے امید ہے صحرا میں گھنی چھاؤں کی

ان درختوں کے لیے ڈھیر سا پانی لے جا

سچ کو کاغذ پہ اترنے میں ہو خطرہ شاید

میری سوچی ہوئی ہر بات زبانی لے جا

وہ جو بیٹھے ہیں حقیقت کا تصور لے کر

ایسے لوگوں کے لیے کوئی کہانی لے جا

مزید غزلیں از سریندر شجر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں