پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سریندر ساگر کی غزلیں — Surender Sagar Ghazals

سریندر ساگر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھے چھوڑ کر خوش ہو تو خوش رہو (غزل)

مجھے چھوڑ کر خوش ہو تو خوش رہو

مرے بن اگر خوش ہو تو خوش رہو

یہ دن کے اجالے چبھیں گے بہت

اگر رات بھر خوش ہو تو خوش رہو

غموں سے بھری زندگی میں بھی تم

کبھی مختصر خوش ہو تو خوش رہو

مجھے بس تمہاری خوشی چاہیئے

اگر تم ادھر خوش ہو تو خوش رہو

دعائیں ملیں گی تمہیں عمر بھر

رقیبوں کے گھر خوش ہو تو خوش رہو

کناروں سے ساگرؔ کو کیا دیکھنا

اگر ڈوب کر خوش ہو تو خوش رہو

تیرا چھونا ترا نہ کر دے مجھے (غزل)

تیرا چھونا ترا نہ کر دے مجھے

شہر کا مدعا نہ کر دے مجھے

بات کرتے رہا کرو مجھ سے

خامشی باؤلا نہ کر دے مجھے

مجھ کو اتنے بھی پیار سے نہ دیکھ

یہ نظر آشنا نہ کر دے مجھے

کوئی پہلے بھی پیار تھا تیرا

یہ ادا دوسرا نہ کر دے مجھے

اس کو اس ڈر سے بھی سدا نہیں دی

وہ کہیں ان سنا نہ کر دے مجھے

میری خواہش ہے اس کے ساتھ رہوں

میری قسمت جدا نہ کر دے مجھے

اس کو پانے کی چاہ بھی ساگرؔ

ایک دن مبتلا نہ کر دے مجھے

مزید غزلیں از سریندر ساگر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں