پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سریندر پنڈت سوز کی غزلیں — Surender Pandit Soz Ghazals

سریندر پنڈت سوز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب نہ آئے گا کبھی روٹھ کے جانے والا (غزل)

اب نہ آئے گا کبھی روٹھ کے جانے والا

عمر بھر خط وہی پڑھیے گا سرہانے والا

وہ مراسم بھی نبھاتا ہے تو رسموں کی طرح

آ گیا اس کو بھی دستور زمانے والا

یہ جدا ہونے کی رت ہے نہ دکھاؤ جی کو

ذکر چھیڑو نہ کوئی اگلے زمانے والا

میں نے یادوں کو کفن دے کے سلا رکھا ہے

کون آئے گا یہاں ملنے ملانے والا

شدت غم سے پگھل جاؤ گے اک دن تم بھی

سیکھ لو ہم سے ہنر ہنسنے ہنسانے والا

خوب اجاڑا ہے کئی بار دیار دل کو

جا بسا دور کہیں گھر کو بسانے والا

اب تو رسماً بھی ملاقات نہ ہوگی اس سے

بس خیالوں میں چلا آئے گا جانے والا

اٹھو یہاں سے کہیں اور جا کے سو جاؤ (غزل)

اٹھو یہاں سے کہیں اور جا کے سو جاؤ

یہاں کے شور سے بھاگو کہیں بھی کھو جاؤ

لہو لہو نہ کرو زندگی کے چہرے کو

ستم گروں کی نوازش سے دور ہو جاؤ

کہاں پھرو گے غبار سفر کو ساتھ لیے

متاع درد کو دامن میں لے کے سو جاؤ

کرم کی بھیک کہاں قاتلوں کی بستی میں

بدن کا خول اٹھاؤ لحد میں سو جاؤ

یہ سایہ دار شجر تو فریب دیتے ہیں

خزاں کے ساتھ رہو آندھیوں کے ہو جاؤ

یہ زندگی تو فریبوں کا آئنہ ٹھہری

اب اپنی کھوج میں بھٹکو فرار ہو جاؤ

مزید غزلیں از سریندر پنڈت سوز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں