ثریا سلطانہ نسیم نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گلوں میں رنگ نہیں موسم بہار نہیں (غزل)
گلوں میں رنگ نہیں موسم بہار نہیں
مری حیات مگر پھر بھی سوگوار نہیں
ہے دور عشق یہاں جبر و اختیار نہیں
سکون دل کے لئے کوئی بے قرار نہیں
یہی عروج محبت یہی اصول وفا
کسی سحر کے لئے شام انتظار نہیں
غم و خوشی تو یہاں آتے جاتے رہتے ہیں
مگر یہ زیست کا اے دوست اعتبار نہیں
ہر ایک شے میں اسی کا جمال ہے موجود
دل و نظر کو مری کوئی انتشار نہیں
الٰہی بخش دے ہر ایک کے گناہوں کو
وہ کون ہے جو ترے آگے شرمسار نہیں
نسیمؔ آ کے پریشاں ہے ایسے صحرا میں
جہاں نہ آب و گیہ گل نہیں ہے خار نہیں
وہ میرا تھا مگر ایک اجنبی بھی (غزل)
وہ میرا تھا مگر ایک اجنبی بھی
تھا سب کچھ پاس میرے اور کمی بھی
عجب انداز تھا میرے جنوں کا
خرد کے ساتھ تھی دیوانگی بھی
ہم اپنے شہر میں اس طرح آئے
نہ پہچانی گئی کوئی گلی بھی
یہ کیا حالت ہوئی گلشن کی آخر
گل و بلبل نہیں کوئی کلی بھی
تمہارا آستانہ کیا ملا ہے
ملی ہے بندگی اور زندگی بھی
اندھیروں میں غموں کے روشنی بھی
تصور سے ترے اک بے خودی بھی
ملا اپنا پتہ اس کو جو ڈھونڈا
ذرا سی کام آئی آگہی بھی
نسیمؔ ایسا ہوا دل مضطرب کچھ
نہ بھائی مجھ کو پھولوں کی ہنسی بھی