پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ثریا رحمٰن کی غزلیں — Surayya Rahman Ghazals

ثریا رحمٰن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وصال و ہجر کی ہمیں لطافتیں کہاں ملیں (غزل)

وصال و ہجر کی ہمیں لطافتیں کہاں ملیں

سکون قلب دے سکیں وہ راحتیں کہاں ملیں

کہاں کے ماہ و نجم اب یہ دہشتوں کا دور ہے

خیال حسن یاد کی نزاکتیں کہاں ملیں

یہ ان کا شہر آرزو بھی کتنا زرنگاہ ہے

میں ڈھونڈھتی ہی رہ گئی صداقتیں کہاں ملیں

طبیب بھی حبیب بھی شفیق بھی بہت ملے

ملے تو دوست ہر جگہ رفاقتیں کہاں ملیں

ہزار داستاں لکھیں سخن طراز لاکھ ہوں

رقم ہوں لوح دل پہ جو عبارتیں کہاں ملیں

ستم بھی ہنس کے سہہ لیے قبول جرم کر لیے

میں بے قصور تھی مگر شہادتیں کہاں ملیں

خدارا رہزنوں دل کے مرے ارمان مت چھنیو (غزل)

خدارا رہزنوں دل کے مرے ارمان مت چھنیو

بنا دو گے اسے تم خانۂ ویران مت چھنیو

اجاڑو مت مرا گلشن مجھے ناشاد رہنے دو

مرے آنسو مری راحت کے یہ سامان مت چھنیو

تبسم چھین لو ہونٹوں کا خوشیاں زیست کی لیکن

مرے افسانہ ہائے شوق کے عنوان مت چھنیو

خموشی داستان غم مری کہہ جائے گی اک دن

مرے کچھ گیت رہنے دو مری ہر تان مت چھنیو

تپش سے زندگی کے ریگ زاروں کی نہ مر جاؤں

سجا رکھے ہیں کچھ خوش رنگ خوابستان مت چھنیو

نئی دنیا نئے انساں نئی باتیں مبارک ہوں

مری گیتا کو رہنے دو مرا قرآن مت چھنیو

میں سیتا ہوں تم رام بنو (نظم)

میں سیتا ہوں تم رام بنو

میں پاون گھر کی رانی ہوں

پریوار چلانے والی ہوں

اس دیش کی میں رکھوالی ہوں

سمان بڑھانے والی ہوں

میں وچن نبھانے والی ہوں

تم بن کے بھونرا کلی کلی

منڈلاتے ہو اڑ جاتے ہو

وشواس محل کی دیواریں

ہر روز خود ہی تم ڈھاتے ہو

میں روز اٹھایا کرتی ہوں

سچ کہنا سچ کے موتی سے

کیا پیار کا آنچل بھر دو گے

وشواس نبھانے کی خاطر

کیا اگنی پریکشا دے دو گے

مزید غزلیں از ثریا رحمٰن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں