سورج تنویر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی انا کے گنبد بے در میں بند ہے (غزل)
اپنی انا کے گنبد بے در میں بند ہے
لیکن بزعم خود وہ فلک تک بلند ہے
ہر منزل ان کے واسطے بس اک زقند ہے
وہ لوگ اپنا عزم ہی جن کا سمند ہے
آتا ہے بار بار فریب خلوص میں
کیا سادہ لوح اپنا دل درد مند ہے
جو التہاب آتش غم سے ہے نالہ کش
وہ دل نہیں چٹختا ہوا اک سپند ہے
شاید مآل خندۂ گل ہے نگاہ میں
لب پر کلی کلی کے عجب زہر خند ہے
ہر ذی حیات اس میں رہے عمر بھر اسیر
تار نفس بھی ایک طرح کی کمند ہے
شامل ہیں تلخیاں بھی حلاوت کے ساتھ ساتھ
یہ زندگی ہے زہر ہلاہل نہ قند ہے
تنویرؔ شہر سنگ میں شیشہ گری کی بات
یاران مہرباں کو بہت ناپسند ہے
قافلہ یاد کا جس وقت رواں ہوتا ہے (غزل)
قافلہ یاد کا جس وقت رواں ہوتا ہے
وہی لمحہ تری فرقت میں گراں ہوتا ہے
ان سے جب حال دل زار بیاں ہوتا ہے
اپنا ہر اشک رواں اپنی زباں ہوتا ہے
عقل کا ہوتا ہے یا دل کا زیاں ہوتا ہے
ہوش یہ اہل محبت کو کہاں ہوتا ہے
شعلۂ عارض تاباں نے جلایا جب سے
مجھ کو پھولوں پہ شراروں کا گماں ہوتا ہے
جس قدر بڑھتی ہے دشواریٔ منزل اپنی
حوصلہ اور بلند اور جواں ہوتا ہے
دیر ہو کعبہ ہو مے خانہ ہو سب پر ہم کو
آپ کے نقش کف پا کا گماں ہوتا ہے
نام جب لیتا ہے تنویرؔ جگر کا کوئی
لب پہ ہر رند کے یا پیر مغاں ہوتا ہے