پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سورج نرائن مہر کی غزلیں — Suraj Narayan Mehr Ghazals

سورج نرائن مہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مستقل درد کا سیلاب کہاں اچھا ہے (غزل)

مستقل درد کا سیلاب کہاں اچھا ہے

وقفۂ سلسلۂ آہ و فغاں اچھا ہے

ہو نہ جائے مرے لہجے کا اثر زہریلا

ان دنوں منہ سے نکل جائے زباں اچھا ہے

مجھ سے مانگے گی مری آنکھ گلابی منظر

ہو مرے ہاتھ میں تصویر بتاں اچھا ہے

جن کے سینے میں تعصب نہیں پلتا کوئی

ایسے لوگوں کے لیے سارا جہاں اچھا ہے

کتنے چالاک ہیں یہ اونچی حویلی والے

ہم سے کہتے ہیں کہ مٹی کا مکاں اچھا ہے

زیر لب رینگتا رہتا ہے تبسم سورجؔ

اس قیامت سے تو آہوں کا دھواں رہتا ہے

بزم جاناں سے نکلنے کو تو ہم ہاں نکلے (غزل)

بزم جاناں سے نکلنے کو تو ہم ہاں نکلے

غیر کا بھی نہ الٰہی کوئی ارماں نکلے

عشق کے مہر جو نکلے تو یہ ارماں نکلے

دل دیا جن کو وہی جان کے خواہاں نکلے

غم نہ نکلے مرے دل سے تو کہیں جاں نکلے

ایک ارمان تو اے کثرت حرماں نکلے

بزم دنیا میں نہیں نام کو جمعیت دل

مطمئن آئے تھے ہم اور پریشاں نکلے

پنبۂ داغ جگر کچھ جو اٹھا دوں تو ابھی

انگلیاں اٹھتی ہیں وہ اختر تاباں نکلے

مہرباں جان کے دل جن کو دیا تھا ہم نے

وہ ستم گار ستم کیش ستم راں نکلے

تو نے اے سوز دروں پھونک دئے جان و جگر

دل سے نالے بھی جو نکلے شرر افشاں نکلے

آپ کی بزم میں ہم آپ سے ملنے کے لئے

خوش خوش آئے تھے مگر کیا ہی پشیماں نکلے

گردش چرخ کے قائل ہوں جب اپنی بھی کبھی

کوئی حسرت کبھی نکلے کوئی ارماں نکلے

آپ ہوں جلوہ نما رات کو مہتابی پر

ہم بھی تو دیکھیں کہ کیوں کر مہ تاباں نکلے

مہر یہ حسن گلو سوز ہے وہ ہوش ربا

آئنہ خانے سے وہ آپ بھی حیراں نکلے

آئنہ دیکھنے کا شوق ہے وہ (نظم)

آئنہ دیکھنے کا شوق ہے وہ

اس کا ہر شخص مبتلا دیکھا

سامنے آئنے کے بن ٹھن کر

ہم نے احباب کو کھڑا دیکھا

کوئی موچھوں پہ تاؤ دیتا ہے

کوئی ڈاڑھی سنوارتا دیکھا

کوئی کپڑوں کو صاف کرتا ہے

کوئی منہ دیکھتا ہوا دیکھا

شانہ ہے یا برش ہے یا رومال

ہاتھ خالی نہ ایک کا دیکھا

شوق ہے عام جامہ زیبی کا

جس کو دیکھا ہے خود نما دیکھا

دیکھا سب نے ہی اپنا جسم و لباس

لیک یہ طرفہ ماجرا دیکھا

دیکھنے سے کبھی نہیں سیری

روز گو چہرہ بارہا دیکھا

اپنی صورت کے سب ہیں شیدائی

سب کو اپنا فریفتہ دیکھا

صورت ظاہری مگر اے دوست

جس نے دیکھی ہے اس نے کیا دیکھا

دیکھنے والا اس کو کہتے ہیں

جس نے باطن بھی برملا دیکھا

دل کا آئینہ پاس ہے سب کے

صاف ایسا کم آئنا دیکھا

مجھ سے پوچھو تو وہ ہے نیک نصیب

جس نے یہ آئنہ ذرا دیکھا

صورت حال ہے خبر پائی

اور اپنا برا بھلا دیکھا

نطق و اطوار دین اور ایماں

سب کو جیسے ہیں برملا دیکھا

اور پھر لے کے سعی کا رومال

نقص جو جو کہ جا بہ جا دیکھا

اس کی اس طرح سے صفائی کی

کہ نہ آنکھوں نے پھر ذرا دیکھا

یہ ہے آئینہ دیکھنا اے دوست

دیکھا اس طرح تو بجا دیکھا

مزید غزلیں از سورج نرائن مہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں