سورج نرائن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ کوئی نیلم نہ کوئی ہیرا نہ موتیوں کی بہار دیکھی (غزل)
نہ کوئی نیلم نہ کوئی ہیرا نہ موتیوں کی بہار دیکھی
سمندروں کی تہوں میں اترا تو پتھروں کی قطار دیکھی
میں اپنے گلشن میں موسموں کے عذاب گن گن کے تھک گیا ہوں
میں کیسے کہہ دوں بہار آئی میں کیسے کہہ دوں بہار دیکھی
میں غم کا صحرا عبور کرنے کے بعد خود سے بچھڑ گیا ہوں
عجیب راہ نجات نکلی عجیب راہ فرار دیکھی
ہوا کا دامن لہو لہو تھا فضا کے اندر گھٹن گھٹن تھی
گلال مٹی میں ریت اڑتی ہوئی سر رہ گزار دیکھی
صدیوں کا درد میرے کلیجے میں پال کر (غزل)
صدیوں کا درد میرے کلیجے میں پال کر
لمحہ گزر گیا مجھے حیرت میں ڈال کر
ساحل پہ موتیوں کا خزانہ عجب ملا
پانی اتر گیا کئی لاشیں اچھال کر
آنکھوں سے بول بول کے اب تھک چکا ہوں میں
ظالم مری زباں کا تکلم بحال کر
ایسا نہ ہو کہ چاٹ لے ساحل کو تشنگی
اے موج اب تو آ کوئی رستہ نکال کر
تو نے تو نوچ لی مرے تاروں کی روشنی
پچھتا رہا ہوں اب تجھے اونچا اچھال کر
مرنے کے بعد بھی رہوں زندہ ہزار سال
یا رب مرے ہنر کو عطا وہ کمال کر