سلطان الحق شہیدی کاشمیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل کے ارماں دل ہی دل میں رہ گئے (غزل)
دل کے ارماں دل ہی دل میں رہ گئے
آہ جاتے جاتے یہ سب کہہ گئے
عمر بھر پوجا کئے خوابوں کے بت
جب حقیقت کھل گئی سب ڈھ گئے
بحر ہستی کی کشاکش میں ندیم
چند تنکوں کی طرح تھے بہہ گئے
ہو گئے برباد درد دل کے ہاتھ
ہائے کیا اوروں کے غم بھی سہہ گئے
دوستو اب کے ہمیں رکھنا معاف
بے خودی میں جانے کیا کیا کہہ گئے
دل کے ویرانے کو آباد کروں یا نہ کروں (غزل)
دل کے ویرانے کو آباد کروں یا نہ کروں
جانے والے تجھے پھر یاد کروں یا نہ کروں
حق تو یہ ہے کہ مجھے اپنے ہی دل نے لوٹا
کچھ ترا شکوۂ بیداد کروں یا نہ کروں
عقل والے سبھی الزام مجھی کو دیں گے
زخم کھا کھا کے بھی فریاد کروں یا نہ کروں
سوچتا ہوں میں اگرچہ یہ نہیں ہے ممکن
خود کو ہر قید سے آزاد کروں یا نہ کروں
ہو نہ ہو اہل ستم یہ بھی اڑا دیں کل کو
اک نیا شہر پھر آباد کروں یا نہ کروں
ذات کا غم بھی ترا غم بھی جہاں کا غم بھی
اور اک غم کو بھی ایجاد کروں یا نہ کروں
ایک انسان ہوں اور اس پہ مصائب لاکھوں
میرے اللہ تجھے یاد کروں یا نہ کروں