پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلطان فاروقی کی غزلیں — Sultanul Hasan Farooqi Ghazals

سلطان فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنی زمیں سے دور زمان و مکاں سے دور (غزل)

اپنی زمیں سے دور زمان و مکاں سے دور

ہم نے سجا لیا ہے قفس آشیاں سے دور

مانا کہ ہم وطن سے عزیزوں سے دور ہیں

تہذیب سے جدا ہیں نہ اردو زباں سے دور

محصور تنگنائے مسالک میں ہم نہیں

دیر و حرم سے دور ہیں کوئے بتاں سے دور

محسوس کر رہے ہیں ولایت میں آج کل

ہندوستاں میں رہتے ہیں ہندوستاں سے دور

سوز یقین مشعل راہ حیات ہے

تشکیل سے بلند ہیں وہم و گماں سے دور

سلطانؔ اسیر زلف ہوئے بھی تو کس کے آپ

دل سے بہت قریب ہیں اور جسم و جاں سے دور

میں خزاں کو بہار کرتا ہوں (غزل)

میں خزاں کو بہار کرتا ہوں

جبر کو اختیار کرتا ہوں

موت کی طرح کاش برحق ہو

جس کا میں انتظار کرتا ہوں

عہد و پیمان پر نہیں لیکن

آپ پر اعتبار کرتا ہوں

جو کرے یاد دشمنی میں بھی

ایسے دشمن کو پیار کرتا ہوں

اپنے ذرات کو خیالوں کے

گوہر آب دار کرتا ہوں

دل نشیں مختصر سلیس آساں

شاعری با وقار کرتا ہوں

مزید غزلیں از سلطان فاروقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں