پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلطان شافی کی غزلیں — Sultan Shaafi Ghazals

سلطان شافی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل یہ حیران پریشان ہوا کرتا تھا (غزل)

دل یہ حیران پریشان ہوا کرتا تھا

جب کوئی دکھ مرا مہمان ہوا کرتا تھا

اتنی حیرت بھری آنکھوں سے تو مت دیکھ مجھے

میں وہی ہوں جو تری جان ہوا کرتا تھا

میرے رونے پہ اسے آج ہنسی آتی ہے

میری چپ پر جو پریشان ہوا کرتا تھا

اس قدر شہر میں مشہور تھی وحشت میری

میں جو روتا تھا تو اعلان ہوا کرتا تھا

اس کے رونے پہ مناتے تھے محرم ہم لوگ

اس کے ہنسنے ہی سے رمضان ہوا کرتا تھا

مجھ سے مل کر کوئی جاتا تھا بہت خوش ہو کر

میں اسے دیکھ کے حیران ہوا کرتا تھا

اجنبی تجھ میں آ کر بسا کون ہے (غزل)

اجنبی تجھ میں آ کر بسا کون ہے

اے دھڑکتے ہوئے دل بتا کون ہے

ڈھونڈنے خود کو میں خود کے اندر گیا

اور دیکھو مجھے یہ ملا کون ہے

کس کی رخصت نے بینائی لے لی مری

میری آنکھوں سے اوجھل ہوا کون ہے

جو بھی ملتا ہے جاتا ہے وہ چھوڑ کر

جانے قسمت میں لکھا ہوا کون ہے

اپنا سر پھوڑتا نہ تو کرتا بھی کیا

مجھ سے پوچھا گیا تھا ترا کون ہے

تو بھی خوش ہے وہاں میں بھی خوش ہوں یہاں

اپنے دونوں میں پھر بے وفا کون ہے

عمر اکیس اور اتنے وحشت زدہ

چھوڑ کر تم کو شافیؔ گیا کون ہے

مزید غزلیں از سلطان شافی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں