پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلطان صبروانی کی غزلیں — Sultan Sabr Wani Ghazals

سلطان صبروانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل نے دھیرے سے کوئی لفظ کہا شام کے بعد (غزل)

دل نے دھیرے سے کوئی لفظ کہا شام کے بعد

ایک در بند ہوا ایک کھلا شام کے بعد

تیری یادوں کا دریچہ جو کھلا شام کے بعد

تیر برسانے لگی سرد ہوا شام کے بعد

دشت احساس میں سناٹا یہ کیسا پھیلا

کسی آہٹ نے تعاقب نہ کیا شام کے بعد

دن مشقت کے جہنم میں گزارا میں نے

ڈھونڈنے نکلا ہوں اب تازہ ہوا شام کے بعد

دن کو سامان تماشا تھا زمانے کے لئے

اپنی تنہائی کا اندازہ ہوا شام کے بعد

اک فقط لمحۂ موجود ہے میرا ہونا

خود مری ذات پہ یہ عقدہ کھلا شام کے بعد

ایک مٹی کا دیا اس پہ تحیر کیسا

دیکھنے آئی جسے باد صبا شام کے بعد

صبرؔ جب اسم محمد کا اجالا مانگا

میرے سینے پہ کھلا غار حرا شام کے بعد

اپنے ہی ٹوٹے ہوئے خوابوں کو دل چنتا بھی ہے (غزل)

اپنے ہی ٹوٹے ہوئے خوابوں کو دل چنتا بھی ہے

ربط یہ قائم رہے دھندلا بھی ہے گہرا بھی ہے

ایک رنگ و نور کی دنیا ہے میرے سامنے

سوچتا ہوں اس خرابے میں کوئی اپنا بھی ہے

پھر وہی وحشت ہے یارو پھر وہی ویرانیاں

مستقل اس گھر میں آ کے کیا کوئی ٹھہرا بھی ہے

مجھ میں ہیں معکوس بدلے موسموں کی صورتیں

آئینہ دل ہی نہیں ہے آئینہ چہرہ بھی ہے

میں اندھیروں کا مسافر ہوں مگر یہ علم ہے

رات کے زخموں کا مرہم صبح کا جھونکا بھی ہے

وقت نے تعمیر کے جذبوں کو کیا تصویر دی

ہے پس منظر گلستاں سامنے صحرا بھی ہے

جاگتے لمحوں کی آنکھیں کس لیے خیرہ ہوئیں

نصف شب میں صبرؔ کیا سورج کبھی نکلا بھی ہے

مزید غزلیں از سلطان صبروانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں