سلطان رشک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جانے کیوں باتوں سے جلتے ہیں گلے کرتے ہیں لوگ (غزل)
جانے کیوں باتوں سے جلتے ہیں گلے کرتے ہیں لوگ
تیری میری دوستی کے تذکرے کرتے ہیں لوگ
سنگ باری کر رہے ہیں دوسروں کے صحن میں
اور چکنا چور اپنے آئنے کرتے ہیں لوگ
جن کا دعویٰ تھا مداوا ہوگا سب کے درد کا
اب تو ان کی ذات پر بھی تبصرے کرتے ہیں لوگ
اپنا گھر روشن ہو ظلمت میں رہے سارا جہاں
جانے کن لمحوں میں ایسے فیصلے کرتے ہیں لوگ
ہر بکھرتی رت میں جاگ اٹھتے ہیں یادوں کے جہاں
اپنے اپنے بے وفاؤں کے گلے کرتے ہیں لوگ
رنگ ہے بے قید امکاں اور خوشبو لا مکاں
اس سراپا رنگ و نکہت سے گلے کرتے ہیں لوگ
نفرت جو ہے دل میں لب خنداں میں نہیں ہے (غزل)
نفرت جو ہے دل میں لب خنداں میں نہیں ہے
جو بات ہے مضموں میں وہ عنواں میں نہیں ہے
کیا جانئے کل پچھلے پہر کیسی ہوا تھی
خوشبو کا پتہ آج گلستاں میں نہیں ہے
اے مسجد اقصیٰ تو جلے اور میں دیکھوں
کیا عزم تحفظ بھی نگہباں میں نہیں ہے
مطلوب ہے وہ جنس جو نایاب بہت ہے
اس چیز کی خواہش ہے جو امکاں میں نہیں ہے
جو سوچ سکے میرے لیے میری طرح سے
وہ شخص مرے حلقۂ یاراں میں نہیں ہے
اے رشکؔ ہو جس سے دل دریا متلاطم
ایسا کوئی انداز ہی طوفاں میں نہیں ہے