سلطان نظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جینے کی تمنا ہے نہ مرنے کی تمنا (غزل)
جینے کی تمنا ہے نہ مرنے کی تمنا
ہے آپ کے کوچے سے گزرنے کی تمنا
تجدید تعلق کی اب امید ہے جیسے
ڈوبی ہوئی کشتی کے ابھرنے کی تمنا
بے ساختہ آ جائیے پردے سے نکل کر
آئینے کو رہ جائے سنورنے کی تمنا
سورج کو سمندر میں ڈبو دیتی ہے ہر شام
آرام سے اک رات گزرنے کی تمنا
جنت سے نکلوائے گی سلطانؔ تمہیں پھر
اس شوخ کے شیشے میں اترنے کی تمنا
جو کشمکش تھی ترا انتظار کرتے ہوئے (غزل)
جو کشمکش تھی ترا انتظار کرتے ہوئے
جھجک رہا ہوں اسے آشکار کرتے ہوئے
کسیلی دھوپ کی شدت کو بھی نظر میں رکھو
کسی درخت کو بے برگ و بار کرتے ہوئے
گزشتہ سال کی آفات کب خیال میں تھیں
نشیمنوں کو سپرد بہار کرتے ہوئے
کسی نے اپنے گریباں میں کیا تلاش کیا
ہمارے رقص وفا کا شمار کرتے ہوئے
ہوا کے پانو بھی شل ہو کے رہ گئے اکثر
ترے نگر کی فصیلوں کو پار کرتے ہوئے
یہی ہوا کہ سمندر کو پی کے بیٹھ گئی
ہماری ناؤ سفر اختیار کرتے ہوئے
اسی کے واسطے سلطانؔ بے قرار ہیں ہم
جسے قرار ملے بے قرار کرتے ہوئے