پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلطان ناصر کی غزلیں — Sultan Nasir Ghazals

سلطان ناصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی کی ندی میں نہاتے ہوئے (نظم)

زندگی کی ندی میں نہاتے ہوئے

خوف کھاتے ہو تم

جب فنا کے سمندر میں غوطے لگاؤ گے

تب کیا کرو گے

سو مصنوعی ٹھنڈک کے مارے ہوئے

مردہ خانہ نما بند دڑبے سے نکلو

جیو

اور ساون کی بارش میں ناچو

جیو اور دیکھو

شمالی پہاڑوں پہ برفیں پگھلتے ہی

سبزے کا جوبن چڑھا ہے

پپیہے نے آواز دے کر

پکارا ہے پی کو

سو تم بھی پکارو کسی کو

سنو

جب تمہارے لہو میں جمی برف پگھلے گی

جھرنا بہے گا

تو پھر زندگی کی ندی اور فنا کا سمندر

گلے مل کے ناچیں گے

تازہ اکائی کی صورت

اٹھو اور اس لمحۂ جاں فزا کو پکڑ لو

مبادا کوئی لمحۂ جاں گسل تم کو پا لے

مزید غزلیں از سلطان ناصر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں