پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیمان خمار کی غزلیں — Suleman Khumar Ghazals

سلیمان خمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پہاڑوں کی بلندی پر کھڑا ہوں (غزل)

پہاڑوں کی بلندی پر کھڑا ہوں

زمیں والوں کو چھوٹا لگ رہا ہوں

ہر اک رستے پہ خود کو ڈھونڈھتا ہوں

میں اپنے آپ سے بچھڑا ہوا ہوں

بھرے شہروں میں دل ڈرنے لگا تھا

اب آ کر جنگلوں میں بس گیا ہوں

تو ہی مرکز ہے میری زندگی کا

ترے اطراف مثل دائرہ ہوں

اجالے جب سے کترانے لگے ہیں

سیہ راتوں کا ساتھی بن گیا ہوں

مراہم شکل کب کا مر چکا ہے

مجھے مت چھیڑئیے میں دوسرا ہوں

کچھ نہیں ہے تو یہ اندیشہ یہ ڈر کیسا ہے (غزل)

کچھ نہیں ہے تو یہ اندیشہ یہ ڈر کیسا ہے

اک اندھیرا سا بہ ہنگام سحر کیسا ہے

کیوں ہر اک راہ میں وحشت سی برستی ہے یہاں

ایک اک موڑ پہ یہ خوف و خطر کیسا ہے

پھر یہ سوچوں میں ہیں مایوسی کی لہریں کیسی

پھر یہ ہر دل میں اداسی کا گزر کیسا ہے

اس سے ہم چھانو کی امید بھلا کیا رکھیں

دھوپ دیتا ہے ہمیشہ یہ شجر کیسا ہے

روشنی ہے نہ ہواؤں کا گزر ہے اس میں

میرے حصے میں جو آیا ہے یہ گھر کیسا ہے

ایک مدت ہوئی آنکھوں سے بہے تھے آنسو

دامن شوق مگر آج بھی تر کیسا ہے

عمر بھر چل کے بھی پائی نہیں منزل ہم نے

کچھ سمجھ میں نہیں آتا یہ سفر کیسا ہے

ہم نے دیکھے تھے کئی خواب سہانے لیکن

تجربہ اب ہوا خوابوں کا نگر کیسا ہے

کیسے اگ آیا ہے آبادی میں ویرانہ خمارؔ

شہر کے بیچ یہ سنسان کھنڈر کیسا ہے

ابھی تم نے دیکھا ہی کیا ہے (نظم)

ابھی تم نے دیکھا ہی کیا ہے

ذرا دیر ٹھہرو

ابھی اور چہروں سے پردے ہٹیں گے