سلیمان شکوہ گارڈئر فنا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگانی کا سارا میلہ ہے (غزل)
زندگانی کا سارا میلہ ہے
مر گئے پر فقط اکیلا ہے
گرم بازاریٔ فنا اپنی
گانٹھ میں پیسہ ہے نہ دھیلا ہے
علم کی آپ اپنی استعداد
کہیں مرشد کہیں پہ چیلا ہے
ڈوبی جاتی ہے ناؤ ہستی کی
موجۂ گریہ کا زور ریلا ہے
ہے جنوں اور ہجوم لڑکوں کا
میرا سر ہے تو ان کا ڈھیلا ہے
دوستی دشمنی و راحت و رنج
جیتے جی کا یہ سب جھمیلا ہے
ناز گل کا شہید ہے جو فناؔ
قبر پر گل رخوں کا میلہ ہے
ہاں محتسب اگر خم و مینا شکست ہو (غزل)
ہاں محتسب اگر خم و مینا شکست ہو
ساتھ ہی تمہارے سر کا بھی کاسہ شکست ہو
جلوہ جو حسن دختر رز کا تو دیکھ لے
قاضی وضوئے عصمت تقویٰ شکست ہو
مستوں کی محفلوں میں کسی دن جو آ پھنسے
زاہد کے عہد صوم کا پایہ شکست ہو
صورت نما ہو عشق ترا پھر کہاں اگر
آئینۂ جمال سراپا شکست ہو
کیا غم جو ٹوٹ جائیں جگر جاں کلیجہ دل
پر تیری چاہ کی نہ تمنا شکست ہو
بے شک خدا بنے جو فناؔ توڑے عبدیت
خود بینیوں کا اپنی جو پایہ شکست ہو