سلطان اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سلسلہ میرے سفر کا کبھی ٹوٹا ہی نہیں (غزل)
سلسلہ میرے سفر کا کبھی ٹوٹا ہی نہیں
میں کسی موڑ پہ دم لینے کو ٹھہرا ہی نہیں
خشک ہونٹوں کے تصور سے لرزنے والو
تم نے تپتا ہوا صحرا کبھی دیکھا ہی نہیں
اب تو ہر بات پہ ہنسنے کی طرح ہنستا ہوں
ایسا لگتا ہے مرا دل کبھی ٹوٹا ہی نہیں
میں وہ صحرا جسے پانی کی ہوس لے ڈوبی
تو وہ بادل جو کبھی ٹوٹ کے برسا ہی نہیں
ایسی ویرانی تھی در پہ کہ سبھی کانپ گئے
اور کسی نے پس دیوار تو دیکھا ہی نہیں
مجھ سے ملتی ہی نہیں ہے کبھی ملنے کی طرح
زندگی سے مرا جیسے کوئی رشتہ ہی نہیں
فرصت میں رہا کرتے ہیں فرصت سے زیادہ (غزل)
فرصت میں رہا کرتے ہیں فرصت سے زیادہ
مصروف ہیں ہم لوگ ضرورت سے زیادہ
ملتا ہے سکوں مجھ کو قناعت سے زیادہ
مسرور ہوں میں اپنی مسرت سے زیادہ
چلتا ہی نہیں دانش و حکمت سے کوئی کام
بنتی ہے یہاں بات حماقت سے زیادہ
تنہا میں ہراساں نہیں اس کار جنوں میں
صحرا ہے پریشاں مری وحشت سے زیادہ
اب کوئی بھی سچائی مرے ساتھ نہیں ہے
یعنی میں گنہ گار ہوں تہمت سے زیادہ
اس ریگ رواں کو میں سمیٹوں بھی کہاں تک
بکھرا ہے وہ ہر سو مری وسعت سے زیادہ
روشن ہے بہت جھوٹ مرے عہد میں اخترؔ
افسانہ منور ہے حقیقت سے زیادہ