سلیمان فراز حسن پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تجھ سے اب رشتہ نبھانا بھی نہیں چاہتا ہے (غزل)
تجھ سے اب رشتہ نبھانا بھی نہیں چاہتا ہے
دل تجھے چھوڑ کے جانا بھی نہیں چاہتا ہے
یہ عجب بات ہے وہ میرا طلب گار بھی ہے
اور مجھے اپنا بنانا بھی نہیں چاہتا ہے
تو مجھے چھوڑ رہا ہے تو شکایت کیسی
تو مرا ہو یہ زمانہ بھی نہیں چاہتا ہے
وہ اگر روٹھ گیا ہے تو اسے جانے دو
اب یہ دل اس کو منانا بھی نہیں چاہتا ہے
تجھ کو فرصت ہی نہیں ہے تو کوئی بات نہیں
حال دل کوئی سنانا بھی نہیں چاہتا ہے
ظلم باطل کی شکایت بھی سبھی کے لب پر
اور کوئی سنگ اٹھانا بھی نہیں چاہتا ہے
میں ترے نام سے رسوا ہوں مجھے فکر نہیں
دل کہیں اور ٹھکانا بھی نہیں چاہتا ہے
جس قدر ٹوٹ کے چاہا ہے اسے میں نے فرازؔ
اس طرح کوئی دوانہ بھی نہیں چاہتا ہے
جو میرا حال ہے وہ اس کا حال تھوڑئی ہے (غزل)
جو میرا حال ہے وہ اس کا حال تھوڑئی ہے
اسے بچھڑنے کا کوئی ملال تھوڑئی ہے
تو بے وفائی پہ اپنی نہ اس قدر اترا
فریب دینا کسی کو کمال تھوڑئی ہے
ترا فراق بھی اور مفلسی کے صدمے بھی
ہماری جان کو بس اک وبال تھوڑئی ہے
کہاں یہ چاند کہاں تیرا حسن و رنگ جمال
ترے بدن کی طرح اس کا ڈھال تھوڑئی ہے
جناب ایک کے بعد ایک غم ملا ہے ہمیں
ہمارے واسطے یہ اچھا سال تھوڑئی ہے
زمانہ ہو گیا ترک تعلقات ہوئے
فرازؔ اب ان سے مری بول چال تھوڑئی ہے