پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیمان اطہر جاوید کی غزلیں — Sulaiman Athar Javed Ghazals

سلیمان اطہر جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم سے ممکن نہ ہوا دشت کو دریا لکھیں (غزل)

ہم سے ممکن نہ ہوا دشت کو دریا لکھیں

خار کو پھول کہیں دھوپ کو سایہ لکھیں

ان کا اصرار اندھیرے کو اجالا لکھو

ضد ہماری کہ اندھیرا ہے اندھیرا لکھیں

آؤ اس پیڑ کے سائے میں ذرا سستا لیں

اور پھر چاہے غزل چاہے قصیدہ لکھیں

کچھ پتا ان کو چلے ہم پہ گزرتی کیا ہے

اپنے اک آدھ سہی غم کا خلاصہ لکھیں

اس کے ہر حرف سے خوشبو سی تمہاری مہکے

یا رباعی یا کوئی شعر غزل کا لکھیں

کیا کریں پھول سے کاغذ پہ بکھر جاتے ہیں

جب بھی چاہا ہے کبھی ان کا سراپا لکھیں

چاندنی رات میں بیٹھیں لب دریا پہ کہیں

اور ہر موج پہ بس نام تمہارا لکھیں

اس کی ہستی کہ ہے آباد مہکتا سا جہاں

اور ہم خود کو سمندر میں جزیرہ لکھیں

ہم کو اس عہد کشاکش کو رقم کرنا ہے

کس کو فرصت کہ بھلا آپ کا قصہ لکھیں

کیا دیا تم نے زمانے کو بس اک شب کے سوا

ہم نے سوچا ہے کہ اس شب کا سویرا لکھیں

تم نے اک موڑ پہ لا کے جسے چھوڑا تھا کبھی

آؤ اب بیٹھ کے قصہ وہ ادھورا لکھیں

دل سے مجبور ہیں جاویدؔ مگر حیف کہاں

کیا یہ ممکن ہے کبھی آپ کو اپنا لکھیں

شفق کرنیں کنول تالاب اس کے (غزل)

شفق کرنیں کنول تالاب اس کے

یہ منظر سب حسیں شاداب اس کے

چلو کہنے کو ہیں نیندیں ہماری

مگر آنکھوں میں سارے خواب اس کے

جہان تیرگی عالم ہمارا

اجالے روشنی کے باب اس کے

اسی کی ذات وجہ نور و نغمہ

یہ جھرنے کہکشاں مہتاب اس کے

کتاب زندگی پر نام اپنا

جو اندر دیکھیے ابواب اس کے

ہماری گفتگو واہی تباہی

مگر اقوال سب نایاب اس کے

قتیل دوستاں جاویدؔ اپنا

ملے تھے آج پھر احباب اس کے

میں اپنے دل کا کشکول تہی لے کر (نظم)

میں اپنے دل کا کشکول تہی لے کر

نہ جانے کتنی صدیوں سے

بھٹکتا پھر رہا ہوں ڈھونڈھتا

ہر اک قریہ ہر اک گاؤں ہر اک آبادی ویرانہ

ہر اک کوچہ ہر اک گوشہ

محبت عافیت اخلاص ہمدردی وفا

مروت دوستی اور آشتی امن و سکوں

ہر اک در پہ صدا دی ہے

ہر اک در سے جواب آیا

یہ سب تم کہہ رہے کیا ہو

یہ سب چیزیں ہیں کیا

یہ تم کس دیس کی کرنے لگے باتیں

یہ سب کچھ آج پہلی بار ہی ہم سن رہے ہیں ہاں

کوئی الفاظ بھی ہیں یہ

کوئی مفہوم ہے ان کا

مزید غزلیں از سلیمان اطہر جاوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں